Get Alerts

عمران خان کے خلاف غیر ملکی ایجنسیاں کارروائی کرسکتی ہیں: رانا ثنا اللہ

عمران خان کے خلاف غیر ملکی ایجنسیاں کارروائی کرسکتی ہیں: رانا ثنا اللہ
وزیرداخلہ راناثنا اللہ نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کومتنازع بیانات دینے پر کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو متنبہ کرنا چاہتا ہوں کہ آپ کے خلاف کچھ غیر ملکی ایجنسیاں کارروائی کرسکتی ہیں۔ الزام تو پہلے ہی کچھ افراد پر لگا چکا ہے.ایسا بیان ان کی زندگی کے لیے خطرہ بن سکتا ہے.

لندن میں وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان جھوٹا انسان ہے جو ہمیشہ الزام تراشی سے کام لیتا ہے۔ اس نے پہلے 4 لوگوں کا کہا تھا کہ انہوں نے میرے قتل کی سازش بنائی اور اب آصف علی زرداری پر الزام اپنے مخالفین کے خلاف پروپیگنڈا ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان کو متنبہ کرنا چاہتا ہوں کہ آپ کے خلاف کچھ غیر ملکی ایجنسیاں کارروائی کرسکتی ہیں۔ ایجنسیوں کا اندازہ ہوگا کہ اس کا الزام تو پہلے ہی عمران خان کچھ افراد پر لگا چکا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایسا بیان عمران خان کی زندگی کیلئے خطرہ بن سکتا ہے۔ 26 نومبر کو بھی عمران خان کی جان کو پڑوسی ملک کی ایجنسی سےخطرہ تھا۔ عمران خان باقاعدہ مہم چلا رہے ہیں کہ پاکستان ڈی فالٹ کر جائے گا۔چاہتے ہیں ووٹ کی طاقت سے عمران خان کو سیاست سے مائنس کریں۔

واضح رہے کہ عمران خان نےجمعہ کی شام ویڈیو لنک کے ذریعے اپنے خطاب میں سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری پر  اپنے قتل کے لئے دہشت گردوں کو پیسے دینے کا الزام عائد کیا۔

انہوں نے کہا تھا ’میرے قتل کا پلان اے اور بی ناکام ہونے کے بعد پلان سی بنایا گیا ہے جس کا سرغنہ زرداری ہے۔‘

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا ’زرداری نے سندھ کا لوٹا ہوا پیسہ دہشتگرد تنظیم کو دیا ہے جو چار لوگ مجھے قتل کرانا چاہتے تھے ان کے ساتھ زرداری بھی شامل ہیں۔ قوم کو یہ سب کچھ اس لیے بتا رہا ہوں تاکہ مجھے کچھ ہو جائے تو ان لوگوں کو انجوائے کرنے نہ دینا۔‘