بہاولپور کی عدالت نے ایک ہی ہندو خاندان کے پانچ افراد کو توہین مذہب کے الزام سے بری کر دیا

بہاولپور کی عدالت نے ایک ہی ہندو خاندان کے پانچ افراد کو توہین مذہب کے الزام سے بری کر دیا
ضلع بہاولپور کی ایک ٹرائل کورٹ نے قرآن پاک کی مبینہ بے حرمتی کے الزام میں حراست میں لیے گئے ایک ہی خاندان کے پانچ ہندو توہین مذہب کے ملزمان کو ایک سال سے زائد عرصے بعد بری کر دیا ہے۔

ایڈووکیٹ عذرا شجاعت نے میڈیا کو بتایا کہ منڈی یزمان کے ایڈیشنل سیشن جج حیدر علی خان نے ملزم، پدما رام بھیل اور ان کے بیٹوں رمیش رام بھیل، منسکھ رام بھیل، دھن راج بھیل اور پپو رام بھیل کو 26 مئی کو بری کر دیا، شکایت کنندہ اکمل اقبال نے گواہی دی کہ اس نے ان افراد کو شک کی بنیاد پر توہین رسالت کے مقدمے میں پھنسایا تھا جبکہ ملزمان پہلے ہی ویلج کونسل کے سامنے اپنی بے گناہی ثابت کر چکے تھے۔

پدما اور ان کے بیٹوں کو پاکستان پینل کوڈ (PPC) کی دفعہ 295-B کے تحت چک نمبر 15/DNB یزمان سے گرفتار کیا گیا تھا۔ دفعہ 295-B میں کہا گیا ہے کہ "جو کوئی جان بوجھ کر قرآن پاک کے نسخے یا اس میں سے کسی اقتباس کو نقصان پہنچاتا ہے یا اس کی بے حرمتی کرتا ہے یا اسے کسی توہین آمیز طریقے سے یا کسی غیر قانونی مقصد کے لیے استعمال کرتا ہے اسے عمر قید کی سزا دی جائے گی۔"

ایڈووکیٹ عذرا شجاعت کے مطابق شکایت کنندہ اقبال نے 26 مئی 2021 کو ایف آئی آر نمبر 226/2021 درج کرائی، جس میں الزام لگایا گیا کہ ہندو مردوں نے گاؤں کے گورنمنٹ پرائمری اسکول کے احاطے میں رکھے مقدس صفحات کی بے حرمتی کی تھی۔

ایف آئی آر میں کہا گیا تھا کہ “اسکول کرونا لاک ڈاؤن کی وجہ سے بند کر دیا گیا تھا جس کی وجہ سے ہندو خاندان نے اپنی رہائش کے لیے احاطے کا استعمال شروع کر دیا اور اپنے مویشیوں کو بھی کلاس رومز میں رکھا۔ انہوں نے الماریوں کے تالے توڑ دیے جہاں طلباء کے لیے مذہبی کتابیں رکھی گئی تھیں جس کی وجہ سے مقدس صفحات پورے احاطے میں بکھر گئے تھے اور انہیں خاندان کی بکریوں اور بھیڑوں نے روند دیا تھا،‘‘

اقبال نے مزید الزام لگایا کہ جب وہ اور کچھ دوسرے مقامی مسلمانوں نے ہندو خاندان کا سامنا کیا تو "انہوں نے کہا کہ جو کچھ کر سکتے ہو کر لو"۔

تاہم، وکیل کے مطابق، شکایت کنندہ نے غریب ہندو خاندان کے خلاف رنجش کو مذہبی رنگ دیا جس کی وجہ سے اس نے انہیں ایک فرضی کیس میں پھنسا دیا۔

دراصل اقبال مبینہ طور پر اپنے مویشیوں کے لیے اسکول کی زمین پر قبضہ کرنا چاہتا تھا اور اس نے ہندو خاندان کو اس کیس میں پھنسایا تاکہ انھیں مکان خالی کرنے پر مجبور کیا جا سکے۔ خاندان کے خلاف مقدمہ بددیانتی پر مبنی تھا اور ان کے خلاف کوئی گواہ بھی نہیں تھا جس کی وجہ سے ملزمان کو 16 جولائی 2021 کو بعد از گرفتاری ضمانت دی گئی تھی۔

ایڈووکیٹ عذرا شجاعت نے کہا کہ "معزز سیشن جج نے شکایت کنندہ کے اپنے الزام کو واپس لینے کے بعد انہیں اس الزام سے بری کر دیا، لیکن یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ ایسے افراد کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جاتی جو بے گناہ لوگوں پر توہین مذہب کے جھوٹے الزامات لگاتے ہیں۔"