کرونا وائرس کی عالمی وبا کے تناظر میں کم تر شرحِ اموات اور اس بیماری کو شکست دے کر صحت یاب ہوجانے والوں کی ایک بڑی تعداد کے تناظر میں دنیا بھر کے 210 سے زائد ممالک میں پاکستان کا 19 واں نمبر ہے۔
دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 60 لاکھ کے قریب پہنچ چکی ہے اور ساڑھے تین لاکھ سے زیادہ افراد اس وبا کے ہاتھوں موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں تو دوسری جانب کرونا وائرس کے 25 لاکھ سے زیادہ متاثرین اس بیماری کو شکست دے کر صحت یاب بھی ہوچکے ہیں، جو ایک خوش آئند بات ہے۔ پاکستان بھی ان ٹاپ 20 ملکوں میں شامل ہے جو اس عالمی وبا کو بڑے پیمانے پر شکست دے رہے ہیں۔
ایکسپریس نیوز سے حاصل معلومات کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2,076 نئے کیسز کے ساتھ، پاکستان میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی کُل تعداد 61,226 ہوچکی ہے۔ البتہ، پاکستان میں اب تک کیے گئے 508,086 کرونا ٹیسٹوں کے مقابلے میں یہ تعداد صرف 12 فیصد بنتی ہے۔ پاکستان میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد میں سے 20,231 مکمل صحت یاب ہوچکے ہیں، جس کا مطلب یہ ہے کہ کرونا کو شکست دینے والے مریضوں کی شرح 33 فیصد ہے جو ایک حوصلہ افزا امر ہے۔
آبادی کے تناظر میں دیکھا جائے تو کرونا وائرس سے متاثرہ پاکستانیوں کی شرح 0.0278 فیصد (یعنی دس لاکھ میں سے 278) ہے جو عالمی اوسط (745 فی دس لاکھ) سے بہت کم ہے۔ پاکستان کی مجموعی آبادی کے لحاظ سے جائزہ لیں تو کرونا وائرس کے ہاتھوں لقمہ اجل بننے والوں کا تناسب 0.0006 فیصد (دس لاکھ میں سے صرف 6) ہے۔ یہ بھی عالمی اوسط (45.9 فی دس لاکھ) سے بہت کم ہے۔ ان تمام نکات کی بنیاد پر پاکستان اُن 20 ملکوں میں شامل ہے جو کرونا وائرس کے خلاف بہت مؤثر انداز میں کامیاب ہورہے ہیں۔