Get Alerts

صحافیوں پر تشدد کا سلسلہ نہ رکا تو ’نا معلوم‘ افراد کا نام لینا شروع کر دیں گے: عاصمہ شیرازی

صحافیوں پر تشدد کا سلسلہ نہ رکا تو ’نا معلوم‘ افراد کا نام لینا شروع کر دیں گے: عاصمہ شیرازی
اسلام آباد میں صحافیوں پر تشدد کے خلاف مظاہرے میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی و تجزیہ نگار عاصمہ شیرازی کا کہنا ہے کہ صحافیوں پر تشدد کا سلسلہ نہ رکا تو صحافی ’نا معلوم نا معلوم ‘کا نام لینا شروع کر دیں گے۔

اسلام آباد پریس کلب کے باہر جاری احتجاج میں بات کرتے ہوئے عاصمہ شیرازی کا کہنا تھا کہ صحافیوں کے تحفظ کا یہ قافلہ چلتا رہا ہے اور چلتا رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کہا جاتا ہے کہ یہ ایک خفیہ یا ہائیبرڈ حکومت ہے لیکن میرے نزدیک یہ ہائیبرڈ حکومت نہیں ہے بلکہ اس کے کچھ کمالات ہیں ، اس ہائبرڈ نظام نے بہت سے چہروں کے اوپر سے نقاب ہٹا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’اس ہائیبرڈ نظام میں ان کو جو صحافیوں کے روپ میں لکھنے اور بولنے والے تھے ان کے چہروں پر سے بھی نقاب اتارے ہیں۔ اس نظام میں وہ سیاستدان جو ان کے کہنے پر خفیہ کمروں میں میٹنگز کرتے تھے ان کے چہروں پر سے بھی نقاب اترے ہیں۔ وہ جو بولتے تھے جن سے لگتا تھا کہ یہ اپنی بات کر رہے ہیں ان کی بات کے پیچھے کون چھپا ہوا تھا سب کھل کر سامنے آگیا ہے۔ لہذا یہ ہائبرڈ نظام نہیں ہے بلکہ ہمیں ان کا شکر گزار ہونا چاہیئے جن کا ہم نام نہیں لیتے۔‘

عاصمہ شیرازی نے مزید کہا کہ ہم ان کا نام لیں گے ، اگر اسی طرح سے یہ معاملہ چلتا رہا اور نہ رکا تو ہم ان سب کے نام لیں گے۔ وہ جو نامعلوم جن کا سب کو معلوم ہے ، ہم ایک ایک کا نام لیں گے۔ ہم ان کے بارے میں بتائیں گے کہ کون کون کہاں کہاں سے فون کر کے ہمیں دھمکیاں دیتا ہے کہ فلاں جرنیل کا نام نہیں آنا چاہیئے ورنہ آپ کے بارے میں مہم شروع کر دی جائے گی۔

عاصمہ شیرازی نے کہا کہ جناب آپ نے جو کرنا ہے کر لیں۔ آپ نے جتنی گالیاں دینی ہیں دے لیں۔ آپ نے جتنی گولیاں برسانی ہیں برسا لیں، آپ نے جتنی کیپمئنز کرنی ہے کر لیں، جتنی کردار کشی کرنی ہے کر لیں ، آپ نے جو کرنا ہے کر لیں لیکن خبر ہو اسلام آباد اور راولپنڈی کو کہ ہم تین سالہ اس خفیہ دور میں کھڑے رہے ہیں تو ہم آئندہ بھی کھڑے رہیں گے۔

https://twitter.com/nayadaurpk_urdu/status/1398273908596432898