Get Alerts

کراچی اور دیگر سندھ کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے، صدر مملکت عارف علوی

کراچی اور دیگر سندھ کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے، صدر مملکت عارف علوی
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کراچی کے مسائل کے حل کے لیے وفاقی اور سندھ حکومت کے مابین تعاون کی پیش رفت کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی اور پورے سندھ کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیراعظم عمران خان کے کراچی سے متعلق کیے گئے ٹویٹ پر عارف علوی نے لکھا کہ کراچی کے اہم مسائل کے حل کے لیے وفاقی اور سندھ حکومت کے درمیان تعاون مثبت پیش رفت ہے۔

انہوں نے لکھا کہ وفاقی اور سندھ کے درمیان تعاون موجودہ تباہ کن بحران میں مدد کرسکتا ہے بلکہ اس سے مستقبل میں نکاسی آب کے نالوں، سیوریج ٹریٹمنٹ سالڈ ویسٹ منیجمنٹ، صاف پانی کی فراہمی اور ٹرانسپورٹ سے متعلق فیصلے کیے جاسکیں گے۔

ساتھ ہی صدر مملکت نے لکھا کہ کراچی اور دیگر سندھ کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

خیال رہے کہ کراچی میں حالیہ بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی تباہ کن صورتحال نے جہاں درجنوں افراد کی جان لے لی وہی لوگوں کی بڑی تعداد بارش کے پانی کی نکاسی نہ ہونے کے باعث محصور ہوکر رہ گئی۔

اسی صورتحال کے تناظر میں وزیراعظم عمران خان نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ پوری قوم اس درد کو محسوس کررہی ہے جس میں کراچی کے عوام مبتلا ہیں، تاہم اس تباہ کن صورتحال اور تمام تر مشکلات کے ہنگام میں مثبت پیش رفت یہ ہوئی ہے کہ میری حکومت سندھ حکومت کے ساتھ مل کر فوری طور پر کراچی کے 3 بڑے مسائل حل کرنے کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے۔

جن مسائل پر حکومتیں مل کر کام کریں گی اس کی وضاحت کرتے ہوئے وزیراعظم نے بتایا تھا کہ ان میں شہر بھر کے نالوں کی مکمل صفائی، آبی گزرگاہوں کی راہ میں رکاوٹ بننے والی تجاوزات سے نمٹنا، کوڑا کرکٹ اور نکاسی آب کے مسائل کا مستقل حل تلاش کرنا اور کراچی کے عوام کو پانی کی فراہمی جیسے بنیادی اور اہم ترین مسئلے کا حل شامل ہے۔