قاضی فائز عیسیٰ اور اہل خانہ کے خلاف ایف بی آر کی جانبدرانہ کارروائی ختم کی جائے: پاکستان بار کونسل

قاضی فائز عیسیٰ اور اہل خانہ کے خلاف ایف بی آر کی جانبدرانہ کارروائی ختم کی جائے: پاکستان بار کونسل
پاکستان بار کونسل نے کہا ہے کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور ان کے اہل خانہ کے خلاف ایف بی آر کی جانبدرانہ کارروائی ختم کی جائے

بار کونسل کے اجلاس کی صدارت وائس چیئرمین عابد ساقی نے کی، جس میں ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین اعظم نذیر تارڑ اور کونسل ارکان نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں پاکستان بار کونسل کا کہنا تھا کہ ایگزیکٹو اتھارٹی عدلیہ کی آزادی کو سلب نہ کرے، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور اُن کے اہل خانہ کے خلاف تمام کارروائی فوری ختم کی جائے۔ اجلاس کے بعد اعلامیے میں کہا گیا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف صدارتی ریفرنس بد نیتی پر مبنی ہے

پاکستان بار کونسل کے اجلاس میں ایف بی آر کی رپورٹ کا قانونی معائنہ کیا گیا۔ رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد کہا گیا کہ ایف بی آر کی رپورٹ عدالتی نظام کی ساخت خراب کرنے کے مترداف ہے جس سے عدلیہ کا وقار متاثر ہورہا ہے اس لئے اس کی شدید مذمت کی جانی چاہیئے۔

پاکستان بار کونسل کے اجلاس کے اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا کہ حکومت سیاسی مخالفین کو انتقام کا نشانہ بنانا بند کر دے، تمام اداروں کو اپنی حدود میں رہ کر فرائض سرانجام دینے چاہئیں۔