پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار عبدالخالق اچکزئی بلا مقابلہ سپیکر بلوچستان اسمبلی منتخب ہوگئے جبکہ پیپلزپارٹی کی رہنما غزالہ گولہ ڈپٹی سپیکر منتخب ہوگئیں۔
بلوچستان اسمبلی میں مسلم لیگ ن کے نومنتخب رکن قومی اسمبلی کیپٹن ریٹائرڈ عبدالخالق اچکزئی بلوچستان اسمبلی میں سپیکر کے امیدوار تھے، جن کے مقابلے میں کسی بھی رکن صوبائی اسمبلی نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے۔ نتیجتاً وہ بلامقابلہ سپیکر بلوچستان اسمبلی منتخب ہوگئے ہیں۔
دوسری جانب پیپلزپارٹی کی رہنما غزالہ گولہ بلا مقابلہ ڈپٹی سپیکر بلوچستان اسمبلی منتخب ہوگئی ہیں۔ ان کے مقابلے میں بھی کسی امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے۔
تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں
بلوچستان کی صوبائی اسمبلی میں سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی آج دوپہر 12 بجے تک جمع کرائے جانے تھے تاہم مقررہ وقت تک کسی اور امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے۔
سیکرٹری بلوچستان اسمبلی طاہر شاہ کاکڑ نے دونوں امیدواروں کے بلا مقابلہ انتخاب کا اعلان کیا۔
سیکریٹری بلوچستان اسمبلی کے مطابق سہ پہر 3 بجے کے اجلاس میں سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کی کامیابی کا اعلان کیا جائے گا۔ سپیکر اور ڈپٹی سپیکر آج ہی حلف اٹھائیں گے۔
کامیابی کا حتمی اعلان سہ پہر 3 بجے صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں ہوگا۔ سپیکر اور ڈپٹی سپیکر حلف بعد میں اٹھائیں گے۔
اس سے قبل مسلم لیگ ن نے نامزد وزیراعظم شہبازشریف کی منظوری کے بعد کیپٹن (ر) عبدالخالق اچکزئی کو سپیکر بلوچستان اسمبلی نامزد کیا تھا۔
بلوچستان کی صوبائی اسمبلی کے 65 اراکین کے ایوان میں سے گزشتہ روز 57 نومنتخب ارکان نے حلف اٹھایا تھا۔