پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما آصفہ بھٹو زرداری نواب شاہ کے حلقہ این اے 207 سے بلامقابلہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہو گئی ہیں۔
جمعے کو صوبائی الیکشن کمیشن کے مطابق آصفہ بھٹو زرداری کے مقابلے میں الیکشن لڑنے والے امیدواروں کے دستبردار ہونے کے بعد آصفہ بلامقابلہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہو گئی ہیں۔
آصفہ بھٹو زرداری نے این اے 207 سے بلامقابلہ منتخب ہونے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ میں اپنے حلقہ انتخاب کے عوام کی بنا سیاسی وابستگی اپنی بہترین صلاحیت کو بروئے کار لاتے ہوئے خدمت کا عہد کرتی ہوں۔ آصفہ بھٹو نے کاغذات نامزدگی کے اندراج سے کامیابی کے نوٹی فکیشن کے اجراء تک اپنے حلقہ انتخاب کے عوام، پارٹی ورکرز اور میڈیا نمائندگان کا شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم پاکستان بے نظیر بھٹو اور صدر پاکستان آصف علی زرداری کی بیٹی آصفہ بھٹو زرداری اپنے والد کی خالی ہونے والی نشست پر ضمنی انتخابات میں حصہ لے رہی تھیں۔
یہ نشست سندھ کے علاقے شہید بے نظیر آباد (نواب شاہ) ون کے حلقہ این اے 207 کی تھی۔ اس نشست پر ضمنی انتخاب میں حصہ لینے کے لیے کل 11 امیدوار میدان میں اترے تھے۔ ان میں سے سات کے کاغذات مسترد جبکہ آصفہ بھٹو زرداری سمیت چار امیدواروں کے کاغذات منظور ہوئے تھے۔ جن میں دو کا تعلق پیپلز پارٹی سے تھا جبکہ دو آزاد امیدوار تھے۔
تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں
صوبائی الیکشن کمیشن کی جانب سے 29 مارچ کو جاری کیے گئے فارم 34 کے مطابق پیپلز پارٹی کی رہنما آصفہ بھٹو زرداری کے مقابلے میں الیکشن لڑنے والے تینوں امیدواروں نے اپنے کاغذات واپس لے لیے ہیں۔ تمام امیدواروں کے کاغذات واپس لینے پر آصفہ بھٹو زرداری کامیاب قرار پائی ہیں۔
اس کامیابی کے ساتھ ہی آصفہ بھٹو زرداری نے اپنے سیاسی سفر کا آغاز اپنے والد کے آبائی علاقے نواب شاہ سے کر دیا ہے۔ وہ جلد ہی قومی اسمبلی کے رکن کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گی اور چیئرمین پیپلز پارٹی اور اپنے بھائی بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ ایوان کی سرگرمیوں کا حصہ بنیں گی۔
خیال رہے کہ نواب شاہ ون کا حلقہ صدر پاکستان آصف علی زرداری کا آبائی علاقہ ہے۔ اس علاقے سے دو بار آصف علی زرداری رکن قومی اسمبلی منتخب ہو کر ایوان کا حصہ بنیں ہیں۔ ان کی بہن بھی اس حلقے سے کامیاب ہوتی رہی ہیں۔ یہ حلقہ پیپلز پارٹی کے مضبوط علاقوں میں سے ایک ہے۔ یہاں پیپلز پارٹی کی مخالف جماعتیں موجود تو ہیں لیکن سیٹ جیتنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔
گذشتہ پانچ انتخابات سے اس حلقے سے پیپلز پارٹی کامیاب ہوتی آئی ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے جاری کردہ اعداد شمار کے مطابق سندھ کے علاقے نواب شاہ ون کے حلقے میں کل ووٹرز کی تعداد پانچ لاکھ چار ہزار 357 ہیں۔ جن میں مرد ووٹرز کی تعداد دو لاکھ 72 ہزار 618 ہے اور خواتین ووٹرز کی تعداد دو لاکھ 31 ہزار 739 ہے۔