پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شفقت محمود نے دعویٰ کیا ہے کہ مسلم لیگ ن کے کئی ارکان ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان مسلم لیگ ن دونوں جماعتیں یہ دعویٰ کر رہی ہیں کہ ان کے ارکان اسمبلی ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں، جبکہ پاکستان تحریک انصاف میں تو ایک ہم خیال گروپ بھی سامنے آیا ہے۔ اسی حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے شفقت محمود کا کہنا ہے کہ ن لیگ کا ایک بہت بڑا گروپ ہمارے ساتھ رابطے میں ہے، یہی وجہ ہے کہ ن لیگ اس بات کو چھپانے کے لیے یہ بیان دے رہی ہے کہ پی ٹی آئی کے لوگ ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ن لیگ کے 36 لوگ ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں جن میں صوبائی اسمبلی اور قومی اسمبلی کے اراکین شامل ہیں۔ ن لیگ کی لیڈرشپ افواہیں پھیلا رہی کہ حکومت جانے لگی ہے تاکہ ان کے ناراض اراکین پی ٹی آئی کی طرف نہ جائیں۔
اس سے قبل پنجاب کے وزیر اطلاعات اور پی ٹی آئی کے رہنما فیاض الحسن چوہان نے یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ مسلم لیگ ن کے 50 اراکین اسمبلی پی ٹی آئی سے رابطوں میں ہیں اور ہم کسی بھی وقت اسمبلی میں فارورڈ بلاک بنا سکتے ہیں۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں بنا۔ حکومتی اراکین اسمبلی کہہ چکے ہیں ہم پی ٹی آئی کے ساتھ تھے، ہیں اور رہیں گے۔
شہباز شریف کے صاحبزادے پر تنقید کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ حمزہ شہباز اپنا پنجرہ، کھڑکیاں اور دروازے کھولنے کی غلطی نہ کریں، ورنہ سارے پرندے اڑ جائیں گے۔
دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ( ن) لیگ متحد ہے اس میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں بن رہا۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ میں فارورڈ بلاک کا سن سن کر بال سفید ہو گئے ہیں۔