مارشل لاء، استعفا یا تحریک عدم اعتماد: نجم سیٹھی نے کھیل کے اختتام کا طریقہ بتا دیا

مارشل لاء، استعفا یا تحریک عدم اعتماد: نجم سیٹھی نے کھیل کے اختتام کا طریقہ بتا دیا

 اندر کی خبروں اور سیاسی دنیا کی پیش گوئیوں کے بے تاج بادشاہ سینئر صحافی نجم سیٹھی نے اپنی چڑیا کی کمر پر لاد کر ایک اور سیاسی پیش گوئی کا تیر چلایا ہے۔ ان کے مطابق حکومت کو چلتا کرنے کے لیے جن آپشنز اور طریقوں کا استعمال ہوسکتا ہے اس پر تو روشنی ڈالی ہی ہے لیکن وہ طریقے جو  اس وقت حکومت کی تبدیلی کے لیئے فرسودہ ہو چکے ہیں انہوں نے اس کی فہرست بھی بنائی ہے۔


 وہ لکھتے ہیں کہ حکومت کو چلتا کرنے کے تین طریقے ہوتے ہیں۔ پہلا مارشل لا،دوسرا وزیر ِاعظم کا استعفیٰ، تیسرا حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد۔


نجم سیٹھی کے مطابق ملک میں لگنے والے چاروں مارشل لاز کو اگر دیکھا جائے، ان کی وجوہات اور مضمرات کو تولا جائے  تو معلوم پڑتا ہے کہ آج شاید ویسے حالات نہیں ہیں کہ مارشل لا لگ سکے۔ اسکی ایک بڑی وجہ یہ کہ اس وقت اپوزیشن جو کہ حکومت کی مخالف ہے وہ مارشل لا کو کسی صورت سپورٹ نہیں کر سکتی۔  وہ پھر عدلیہ کے ہاں مارشل لا کی زیرو ٹالرنس کی بات کرتے ہیں اور پھر ملکی ابتر معاشی صورتحال کی جانب اشارہ کرتے ہیں اور اس بات کو رد کر دیتے ہیں عوام میں مارشل لا لگنے کی خواہش بھرپور انداز سے موجود ہے۔ 


وہ دوسری طرف وزیر اعظم عمران خان کے استعفے کے بارے میں امکانات کا جائزہ لیتے ہوئے اسے بھی رد کرتے ہیں وہ لکھتے ہیں کہ یہ بات بھی ناقابل تصور ہے کہ عمران خان جیسا شخص حالات کے دباؤکی وجہ سے استعفیٰ دے دے۔ جب تک اُن کی پارلیمانی اکثریت موجود ہے، وہ ایسا کیوں کریں گے؟ جس وقت اُن کی مقبولیت انتہائی گر چکی اور معاشی اور سیاسی استحکام کے امکانات کم و بیش دم توڑ چکے، وہ پھر بھی اپنی جگہ پر ثابت قدم ہیں۔ جب عمران خان اوراسٹبلشمنٹ مل کر نوازشریف کے خلاف میدان میں تھے تو بھی نواز شریف کے قدم نہیں ڈگمگائے تھے۔ تو پھر عمران خان ایسا کیوں کریں جب اسٹبلشمنٹ حزب اختلاف کو ہدف بنانے میں اُن کی حمایت کررہی ہے؟


 نجم سیٹھی کہتے پیں کہ اس کے بعد تیسرے امکان کے طور پر تحریک عدم اعتماد ہی باقی رہ جاتی ہے۔ لیکن تاریخ بتاتی ہے کہ اس میں کامیابی کے لیے مخصوص شرائط درکار ہیں۔ پہلی شرط یہ ہے کہ اراکین ِ پارلیمنٹ اور اتحادی بغاوت پر آماد ہوں۔ دوسری یہ کہ حکومت اتنی غیر مقبول ہوچکی ہو کہ حزب ِاختلاف پارلیمنٹ کے اندر اور باہر عوامی حمایت حاصل کرسکے۔ تیسری شرط یہ کہ اسٹبلشمنٹ اس کے خلاف عملی طور پر متحرک نہ ہو۔ موجودہ صورت حال میں پہلی دو شرائط پوری ہوسکتی ہیں بشرطیکہ اسٹبلشمنٹ کی طرف اشارہ آجائے کہ وہ اس کی حمایت کے لیے تیار ہے۔


یہ آصف زرداری کے نتائج کا نچوڑ ہے۔ نواز شریف کی قیادت میں اسٹبلشمنٹ مخالف قوتیں عمران خان کو گھر بھیجنے کی کوشش کررہی ہیں۔ لیکن آصف زرداری اسٹبلشمنٹ کے ساتھ ڈیل کی تجویز پیش کررہے ہیں جس کے نتیجے میں ایک ”تعاون پر آمادہ قومی حکومت“قائم ہو۔ اس کے لیے اسٹبلشمنٹ کی حمایت سے تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتمادلانے کی ضرورت ہے۔


اسٹبلشمنٹ کو اس کے لیے قائل کیا جاسکتا ہے، بشرطیکہ  (1)  نواز شریف اور مریم نواز اس مجوزہ حکومت کا حصہ نہ ہوں، (2) تازہ انتخابات وقت مقررہ، یعنی 2023  ء  سے پہلے نہ ہوں،  (3) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کو کسی پریشانی کے بغیر اپنی مدت مکمل کرنے دی جائے۔ مسلہ یہ ہے کہ نواز شریف کسی بھی ان ہاؤس تبدیلی کے خلاف ہیں۔ وہ ایسی کسی شرط کے بھی حق میں نہیں جو نئے انتخابات کا راستہ روک کر مسلم لیگ ن کو اقتدار میں آنے سے روکے۔ وہ ہر گز نہیں چاہتے کہ ن لیگ کسی ”قومی“ حکومت کا حصہ بنے کیوں کہ اس صورت میں حکومت میں شامل شراکت داروں کی باہم لڑائی اور ناقص گورننس کی وجہ سے عوامی اشتعال کا نشانہ بننا پڑے گا۔ اس سے انتخابی کامیابی کے امکانات کو زک پہنچتی ہے۔درحقیقت یہ فارمولہ پیپلز پارٹی کے لیے سازگار ہے۔ یہ سندھ میں اپنی حکومت رکھتے ہوئے مرکزمیں بلاول بھٹو کی قیادت میں قومی حکومت میں شریک ہوسکتی ہے۔ 


پی ڈی ایم میں تنازع کی بنیاد یہی ہے۔ پیپلز پارٹی ان ہاؤس تبدیلی چاہتی ہے جس کے نتیجے میں اسٹبلشمنٹ کی طرف جھکاؤ رکھنے والی قومی حکومت وجود میں آئے، اور پیپلز پارٹی ہی 2023  ء تک اس کی قیادت کرے۔ پاکستان مسلم لیگ ن عمران خان کو استعفیٰ دینے پرمجبور کرتے ہوئے یا ان ہاؤس تبدیلی کے ذریعے انتخابات کا فوری انعقاد چاہتی ہے۔ اسے انتخابات میں بھرپور کامیابی کا یقین ہے۔ آصف زرداری ایسی طے شدہ ڈیل چاہتے ہیں جو اُن کے لیے ساز گار ہو۔ نواز شریف لانگ مارچ سے لے کر پارلیمنٹ سے استعفوں کے آپشنز استعمال کرتے ہوئے بحران کو گہرا کرنا چاہتے ہیں تاکہ کسی طے شدہ ڈیل کے نتیجے میں اُن کا نقصان نہ ہو۔


مسٹر زرداری کے فارمولے پر عمران خان کی طرف سے فوری طور پر سخت ردعمل آیا۔ براڈ شیٹ کیس کی تحقیقات کے لیے جسٹس (ر) عظمت سعید کی سربراہی میں نیا کمیشن آف انکوائری قائم کیا گیا حالانکہ ان کااس کیس میں مفادات کا ٹکراؤ ثابت شدہ ہے۔ لیکن اُنہیں پیپلز پارٹی کے خلاف سرے محل سمیت بہت سے مقدمات کی تحقیقات کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ یہ پی ڈی ایم الائنس کی کمزوری کا نتیجہ ہے۔


نواز شریف کا فارمولہ کامیابی کے بہتر امکانات رکھتا ہے۔ اس کے لیے مارچ اور اپریل میں اجتماعی طور پر استعفے دیے جائیں۔ یہ اقدام اس ہائبرڈ بندوبست کے آئینی جواز کو زک پہنچا کر حکومت کی فعالیت کو مفلوج کردے گا۔ اس کے بعد اگلے سو دنوں کے اندر ضمنی انتخابات کی کوشش کو پی ڈی ایم روک سکتی ہے۔ یا یہ انتخابات جیت کر ایک بار پھر استعفوں کا ہتھیار استعمال کرسکتی ہے۔ یہ صورت حال اسٹبلشمنٹ کو اپنی حکمت عملی پر نظر ثانی کرنے پر مجبور کرے گی کہ وہ عمران خان جیسے غیر فعال لیڈر کی حمایت سے دست کش ہوجائے۔اس وقت تک ممکن ہے کہ اسٹبلشمنٹ کی نواز شریف اور مریم نواز کی مخالفت میں کمی آجائے، اوردوسری طرف سے بھی قمر جاوید باجوہ کو قبول کرلیا جائے۔ اس سے ملک موجودہ دلدل سے نکل کر آگے بڑھ سکتا ہے۔


دیکھا جاسکتا ہے کہ ملک میں سیاسی جمود ٹوٹنے کا فوری طور پر کوئی امکان نہیں۔ آصف زرداری پی ڈی ایم میں موجود اپنے شراکت داروں کو لانگ مارچ اور استعفوں کا آپشن ترک کرنے پر مجبور نہیں کرسکتے، چاہے پیپلز پارٹی اس کا حصہ نہ بھی بنے۔ لیکن پھر مارچ میں ایسا مرحلہ آئے گا جب اسٹبلشمنٹ اور پیپلز پارٹی، دونوں کو اپنی اپنی حکمت عملی سے دست بردار ہونا پڑے گا۔ ان ہاؤس تبدیلی سے بھی کھیل ختم ہونے کا آغاز ہوسکتا ہے۔