سری لنکن کرکٹ بورڈ کی رکنیت بحال

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا بورڈ معطلی کے بعد سے صورتحال کی نگرانی کررہا ہے اور اب مطمئن ہے کہ سری لنکن کرکٹ مزید رکنیت کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی نہیں کررہا۔

سری لنکن کرکٹ بورڈ کی رکنیت بحال

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) نے سری لنکن کرکٹ بورڈ کی معطلی ختم کرتے ہوئے رکنیت بحال کردی ہے۔

خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق بورڈ معطلی کے بعد سے آئی سی سی معطلی کے بعد سے سری لنکن کرکٹ بورڈ کے معاملات کی نگرانی کررہا ہے اور سری لنکن کرکٹ بورڈ نے اپنے معاملات کو خود مختار طریقے سے چلانے اور دوبارہ حکومتی مداخلت نہ ہونے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا بورڈ معطلی کے بعد سے صورتحال کی نگرانی کررہا ہے اور اب مطمئن ہے کہ سری لنکن کرکٹ مزید رکنیت کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی نہیں کررہا۔

آئی سی سی نے قوانین کی خلاف ورزی پر 10 نومبر کو سری لنکن کرکٹ بورڈ کی رکنیت نومبر میں معطل کردی تھی۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

کھیل کی عالمی گورننگ باڈی نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ سری لنکن بورڈ خاص طور اپنے امور کو خود مختار طریقے سے چلانے کے ساتھ ساتھ اس بات کو بھی بھی یقینی نہ بنا سکا کہ سری لنکا میں کرکٹ کی گورننس، ریگولیشن اور/یا انتظامی امور میں کسی قسم کی حکومتی مداخلت نہ ہو۔

رکنیت کی معطلی کے خلاف سری لنکن کرکٹ بورڈ نے 21 جنوری کو درخواست دائر کی تھی۔

واضح رہے بھارت میں کھیلے گئے آئی سی سی کرکٹ مینز ورلڈ کپ میں بھارت کے ہاتھوں سری لنکا کی 302 رنز کی شرمناک شکست کے بعد وزیر کھیل روشن رانا سنگھے نے سری لنکن کرکٹ بورڈ حکام سے استعفوں کا مطالبہ کیا تھا۔ بورڈ سیکریٹری موہن ڈی سلوا کے استعفیٰ کے اگلے روز ہی وزیر کھیل نے کرکٹ بورڈ کو برطرف کر دیا تھا۔

وزیر کھیل روشن رانا سنگھے نے سری لنکا کرکٹ کے لیے عبوری کمیٹی تشکیل دی تھی۔ اور 1996 کا ورلڈ کپ جیتنے والے کپتان ارجنا رانا ٹنگا کو نئے عبوری بورڈ کا چیئرمین مقرر کیا گیا تھا۔

تاہم اس فیصلے کو عدالت میں چیلنج کیا گیا تو عدالت نے عبوری کمیٹی کے قیام پر عملدرآمد روک دیا تھا۔