پی ٹی ایم کا نام تبدیل کرنا زہرِ قاتل ہوگا۔ جس دن مقصد سے ہٹی، مٹ جائے گی

پی ٹی ایم کا نام تبدیل کرنا زہرِ قاتل ہوگا۔ جس دن مقصد سے ہٹی، مٹ جائے گی
پاکستان میں سیاسی جماعت کی تعمیر اور کارکنوں کی تربیت سمیت نئی قیادت تراشنے کی بجائے عمومی طور کسی نہ کسی ابھار کے گھوڑے پر سوار ہو کر فتح و کامرانی کے خواب دیکھے جاتے ہیں۔ دوسرے لفظوں میں عام عوام کے جذبات، دکھ، درد اور مشکلات پر سیاست چمکائی جاتی ہے۔ سیاست چمکانے والے پارلیمان میں چلے جاتے ہیں، لیڈر بن جاتے ہیں جبکہ عوام کے دکھ، درد اور مشکلات میں مزید اضافہ ہو جاتا ہے اور پھر وہ مشکلات سہنے کے عادی ہو جاتے ہیں۔

پیپلزپارٹی، ایم کیو ایم کی مثالیں موجود ہیں۔ شاید پشتون تحفظ موومنٹ بھی اسی گھوڑے کی سوار ہے۔ دو بندے پارلیمنٹرین بن گئے ہیں۔ منظور پشتین کی لیڈری بھی چمک رہی ہے۔ مطلوبہ مقام حاصل ہو چکا ہے۔ دوسری جانب ان زندگیوں میں تبدیلی کے ابھی تک کوئی آثار نظر نہیں آتے جن کے کندھوں پر سوار ہوکر محسن داؤڑ ،علی وزیر اور منظور پشتین سیاست کے شہسوار بنے ہیں۔

https://www.youtube.com/watch?v=l8HqEEiXlgw

راقم نے منظور پشتین پر غداری کے لگنے والے الزامات کا بھرپور دفاع کیا ہے، مضامین لکھے ہیں، جس پر راقم کو بھی الزامات، لعن طعن اور گالی گلوچ کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ یہ سلسلہ ابھی رکا نہیں ہے۔ نعروں میں تبدیلی، پی ٹی ایم پاکستان کے خلاف نہیں، ظلم کے خلاف ہیں، فوج سے نفرت نہیں، شکایت ہے۔ احسن اقدام ہے۔ سیاسی اپروچ کا مظہر ہے۔ سیاسی جدوجہد ہی بہتر نتائج دے سکتی ہے۔ دنیا بھر کی تاریخ ایسے شواہد سے بھری پڑی ہے کہ سیاسی جدوجہد نے زمانے بدل دیے ہیں۔

پی ٹی ایم کے مستقبل کے حوالے سے کچھ ابہام اور سوشل میڈیا پر چہ مگوئیاں ہیں کہ پشتون تحفظ موومٹ کا اونٹ کس کروٹ بیٹھنے جا رہا ہے۔ تحریک کو قبائلی علاقے تک محدود رکھا جائے یا نام تبدیل کر کے پیپلز تحفظ موومنٹ کے نام سے پورے پاکستان میں تنظیم سازی کی جائے۔

علاوہ اس کے اندرونی خلفشار بہت ہے۔ مختلف امور کو لے کر کارکن پی ٹی ایم سے الگ ہو رہے ہیں۔ ابھار کے نتیجے میں ابھرنے والی تحریکوں میں یہ صورتحال پیدا ہونا کوئی غیرمعمولی امر نہیں ہے۔ آج نہیں تو کل یہ ہونا ہی تھا۔

https://www.youtube.com/watch?v=iSigWGI7vDU&t=5s

اب یہ قیادت پر منحصر ہے کہ وہ پی ٹی ایم کو کیا سمت دیتی ہے۔ بنیادی ذمہ داری منظور پشتین کی ہے کہ ابھار کی کیفیت سے نکل کر سیاسی اور تنظیمی حکمت عملی اپنائے اور پی ٹی ایم کے مستقبل کو واضح کرے تاکہ کارکن بکھرنے کی بجائے نظم میں رہیں۔ اب منظور پشتین کی قائدانہ صلاحیتوں کا امتحان بھی ہے۔ اصل کام تو اب شروع ہوا ہے۔ ابھار کا گھوڑا تو نیچے سے نکل چکا ہے۔ اب سنبھل کے چلنا ہوگا۔

پہلی بات، اپنے اصل مقاصد سے ایک انچ پچھے نہ ہٹا جائے۔ پی ٹی ایم کے نام کی تبدیلی سیاسی موت کے مترادف ہوگی۔ مفاہمت، مصالحت مزاحمتی سیاست میں زہر قاتل ثابت ہوتی ہے۔ حقیقی سیاست کا نام ہی مزاحمت ہے۔

منظور پشتین، علی وزیر، محسن داؤڑ سمیت پی ٹی ایم کی جملہ قیادت اس امر کو بخوبی سمجھ لیں کہ ان کی تمام تر جدوجہد اور ابھار فقط مزاحمتی سیاست پر استوار ہے۔ جس دن مزاحمت کا عنصر کمزور پڑگیا یا تحریک سے نکل گیا، اس دن پشتون سیاست میں تمہاری منفرد حیثیت ختم ہو کر رہ جائے گی اور آپ بھی دوسرے سیاسی ٹولے کے ساتھ شمار ہوں گے۔

https://www.youtube.com/watch?v=ZNmsroe__lc

پیپلز پارٹی اور پی ٹی ایم کا مستقبل مزاحمتی سیاست میں ہے۔ ہم نے دیکھا کہ پیپلز پارٹی جب بھی اپنے اصل سے روگردانی کرتی ہے دھڑام سے نیچے گر جاتی ہے اور جب اصل پر آتی ہے، سوئے ہوئے کارکن جاگ اٹھتے ہیں۔ جس طرح پیپلز پارٹی کا ظہور مزاحمتی سیاست میں ہوا تھا، اسی طرح پی ٹی ایم کا خمیر بھی مزاحمت سے اٹھا ہے۔ مزاحمت سے روگردانی خود کو سیاسی موت مارنا ہے۔

قبائلی اور پشتون روایت پسندی کی جکڑبندیوں سے ہٹ کرپشتون تحفظ موومنٹ کی سیاسی، نظریاتی اور تنظیمی تعمیر وقت و حالات کا تقاضا ہے۔ تعمیر خالص مزاحمتی سیاست کے نظریات کے مطابق کی جائے۔ یہی پی ٹی ایم کا اصل ہے۔ یہی پی ٹی ایم کا مستقبل ہے۔

مصنف ایک لکھاری اور صحافی ہونے کے ساتھ ساتھ انسانی حقوق کے کارکن بھی ہیں۔