پاکستان فٹبال فیڈریشن میں شدید محاذ آرائی، دفاتر پر قبضے اور ایک دوسرے پر الزامات

پاکستان فٹبال فیڈریشن میں شدید محاذ آرائی، دفاتر پر قبضے اور ایک دوسرے پر الزامات
پاکستان فٹبال فیڈریشن میں اقتدار کا نیا تنازع کھڑا ہو گیا۔ پاکستان فٹبال فیڈریشن میں شدید محاذ آرائی، دفاتر پر قبضے اور ایک دوسرے پر الزامات کا سلسلہ شروع ہوگیا جس سے ملک میں فٹبال کے مستقبل پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔

دو گروپوں کے آپس میں تصادم سے کراچی میں جاری قومی ویمن فٹبال چمپئن شپ منسوخ کرنے سے کھلاڑیوں میں تشویش پیدا ہو گئی۔

ہفتہ کو فٹبال ہاؤس لاہور میں ہونے والے تنازع کے بعد اشفاق حسین گروپ نے کراچی میں متاثر ہونے والی قومی ویمن فٹبال چمپئن شپ کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اشفاق گروپ کا کہنا ہےکہ ہم نے اسلام آباد میں کانگریس کےاجلاس میں قرارداد کےبعد فیفا ہاؤس کا چارج سنبھالا ہے۔ انجینئراشفاق کا کہنا ہےکہ ہارون ملک نےپرسکون طریقےسےچارج ہمارے حوالےکیا، فیفا کی کمیٹی 19 ماہ میں الیکشن نہیں کرواسکی۔ چیئرمین فیفا نارملائزیشن کمیٹی ہارون ملک کا کہنا ہےکہ فیفا فٹ بال ہاؤس پرزبردستی قبضہ کیا گیا ہے،فیفا کےعلم میں تمام معاملہ آچکا ہے۔ ہارون ملک نےکہا کہ مجھ سےزبردستی چارج لیا گیا ہے،میں بہت مشکل سےفٹبال ہاؤس سےنکلنےمیں کامیاب ہوا۔

فیفا کی نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک کی سرپرستی میں کھیلی جانے والی قومی چمپئین شپ کے متاثر ہونے سے کھلاڑیوں میں مایوسی کی لہر پیدا ہو گئی ہے۔

سابق صدر پی ایف ایف اشفاق حسین گروپ نے مقابلوں کی نئی آرگنازنگ کمیٹی بنانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ ہفتہ کو اشفاق گروپ نے ہارون ملک کو فٹبال ہاؤس لاہور سے نکال دیا تھا اور تمام امور اپنی ہاتھ میں لے لئے ہیں۔

جبکہ دوسری جانب پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی نے قومی ویمن فٹبال چیمپئن شپ منسوخ کردی گئی تاہم اشفاق گروپ کی جانب ٹورنامنٹ کو جاری رکھنے کا اعلان کردیا گیا ہے۔

قومی ویمن فٹبال چیمپیئن شپ کراچی میں کھیلی جارہی ہے جس کا کوارٹر فائنل مرحلہ اتوار کو ہونا تھا تاہم ہفتے کی دوپہر پی ایف ایف دفاتر میں اشفاق گروپ کے قبضے اور نارملائزیشن کمیٹی کی بے دخلی کے بعد فیفا کی مقرر کردہ کمیٹی نے اس ٹورنامنٹ کو منسوخ کرنے کا اعلان کردیا تھا  کیونکہ وہ دفتر سے بے دخلی کے بعد اکاؤنٹس اور ریکارڈ سے محروم ہوگئی تھی۔

اس اعلان پر چیمپئن شپ میں شریک فٹبالرز نے شدید مایوسی کا اظہار کیا تھا تاہم اتوار کی دوپہر اشفاق گروپ نے ٹورنامنٹ کو جاری رکھنے کا اعلان کیا۔

پی ایف ایف کے لیٹر ہیڈ پر جاری اعلان میں کہا گیا ہے کہ چیمپیئن شپ کو شیڈول کے مطابق مکمل کیا جائے گا، اس سلسلے میں 13 رکنی کمیٹی بنادی گئی ہے جس کے چیئرمین خادم علی شاہ ہوں گے، راحیلہ زرمین ٹورنامنٹ ڈائریکٹر مقرر کی گئی ہیں۔

راحیلہ نارملآزیشن کمیٹی کے ساتھ بھی بطور ڈائریکٹر ویمن ڈولپمنٹ کام کرتی رہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کی ترجیح صرف ویمن فٹبال کو جاری رکھنا ہے ۔

واضح رہے کہ فیفا اور اے ایف سی اشفاق شاہ کو پی ایف ایف کا صدر تسلیم نہیں کرتیں اور ان کی نگرانی میں ہونے والے میچز کی فیفا میں کوئی حیثیت نہیں ہوگی ۔