Get Alerts

رمضان شوگر ملز ریفرنس؛ شہبازشریف کا بیان ریکارڈ، حمزہ شہباز کی حاضری معافی کی درخواست منظور

شہباز شریف نے عدالت میں کہا کہ میں نے بیٹے کی شوگر ملز کیلئے  گندا نالا بنایا۔ یہ گندا نالا ایک ایم پی اے کی تحریری درخواست پر تعمیر کرایا۔ میرے دور میں صاف پانی کے ہزاروں پروجیکٹ لگائے۔ یہ مل ہماری وراثتی شوگر مل ہے وہ میں نے بیٹے کو ٹرانسفر کر دی ہے۔

رمضان شوگر ملز ریفرنس؛ شہبازشریف کا بیان ریکارڈ، حمزہ شہباز کی حاضری معافی کی درخواست منظور

رمضان شوگر مل ریفرنس میں احتساب عدالت نے حمزہ شہباز کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے عدالت نے سماعت 12 دسمبر تک ملتوی کردی۔

 سابق وزیرِ اعظم شہباز شریف احتساب عدالت کے طلب کرنے پر رمضان شوگر مل ریفرنس میں عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ احتساب عدالت رمضان شوگر مل ریفرنس شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف ریفرنس پرسماعت ہوئی۔ شہباز شریف نے عدالت پیش ہوکرحاضری مکمل کروائی۔

جج ملک علی ذوالقرنین اعوان نے کیس پر سماعت کی۔ شہباز شریف نے روسٹرم پر آ کر کہا کہ مجھے صاف پانی کیس میں بلایا گیا اورآشیانہ میں گرفتار کیا گیا۔ جتنا بھی اللہ کا شکر ادا کرو مجھے انصاف ملا اب پھر مجھے گندے نالے کیس میں گرفتار کر لیا گیا۔ میں کیس کے میرٹ پر گفتگو نہیں کروں گا وہ میرا وکیل کرے گا۔ یہ مقدمہ بہت سال سے چل رہا ہے۔

سابق وزیرِ اعظم نے کہا کہ میں نے بیٹے کی شوگر ملز کیلئے  گندا نالا بنایا۔ یہ گندا نالا ایک ایم پی اے کی تحریری درخواست پر تعمیر کرایا۔ میرے دور میں صاف پانی کے ہزاروں پروجیکٹ لگائے۔ یہ مل ہماری وراثتی شوگر مل ہے وہ میں نے بیٹے کو ٹرانسفر کر دی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ میں کچھ حقائق عدالت کے سامنے رکھنا چاہتا ہوں۔ میرے دور میں پنجاب میں اربوں کھربوں کے ترقیاتی کام کیے۔ رمضان شوگر مل کا میں نہ ڈائریکٹر ہوں نا شئیر ہولڈر ہوں۔ 2014 میں سندھ حکومت نے گنے کی قیمت کم کر دی۔ پنجاب کے کسانوں نے اپیلیں کی سب کچھ کیا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ بارہ روپے سندھ حکومت نے اپنے خزانے سے کسانوں کو دینے کا فیصلہ کیا۔میں نے صاف کہہ دیا کہ یہ بیواؤں اور طالب علموں کا پیسہ ہے۔ میں نے سرکاری خزانے سے رقم دینے سے انکار کیا حالانکہ میرے اپنے بچوں بھتیجوں کی بھی شوگر مل تھیں۔ مجھے چیف سیکرٹری نے لکھا کہ چینی کی بہتات ہے ہم اسے ایکسپورٹ کر دیتے ہیں۔ وفاقی حکومت نے شوگر ملز کو ایکسپورٹ کی اجازت دی۔ میں نے پنجاب کے سرکاری خزانے سے شوگر ملوں کو پیسے دینے سے انکار کیا اور عوام کا پیسا بچایا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ایتھنول پر میں نے ایکسائز ڈیوٹی لگائی۔ ہائیکورٹ نے حکم امتناعی جاری کیا۔ ڈھائی ارب روپے ہائیکورٹ کے اکاؤنٹ میں جمع کرائے گئے جبکہ تحریک انصاف کی حکومت نے ایتھنول پر ایکسائز ڈیوٹی ختم کر دی۔

شہباز شریف نے عدالت میں کہا کہ ایک خطاکار انسان ہوں آج تک ٹی اے ڈی اے نہیں لیا۔ اپنے دور حکومت میں جتنے بھی بیرون ملک کے دورے کیے اپنی جیب خرچ سے کیے۔ سولہ کروڑ کا شاید نالہ بناہے یہ کیس جھوٹا ہے۔

احتساب عدالت کے جج نے استفسار کیا کہ کیا اس ریفرنس میں پہلے شہباز شریف کا نمائندہ پیش ہوتا تھاجس پر نیب نے کہا کہ جی اس میں شہباز شریف کا نمائندہ پیش ہوتا تھا آپکے حکم کی تعمیل کی ہے۔

عدالت نے حمزہ شہباز کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے عدالت نے سماعت 12 دسمبر تک ملتوی کردی۔

مسلم لیگ ن کے صدر کی پیشی کے موقع پر عدالت کے اطراف سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

منیر باجوہ صحافی ہیں اور مختلف موضوعات سے متعلق رپورٹنگ کرتے ہیں۔ وہ نیا دور میڈیا کی رپورٹنگ ٹیم کا حصہ ہیں۔