Get Alerts

کسی کو علم نہیں تھا کہ تحریک انصاف تحریک تباہی بن جائے گی: شہباز شریف

لیگی صدر کا کہنا تھا کہ شریف خاندان اور لیگی زعماء نے صعوبتیں، مشکلات اور سختیاں جھیلیں، نوازشریف کو بیٹی کے سامنے ہتھکڑیاں لگائی گئیں لیکن انہوں نے خود کو قانون کے سامنے پیش کیا۔ میں یہاں لاہور میں اور نوازشریف اسلام آباد میں پیش ہو رہے ہیں۔ یہ لیول پلیئنگ فیلڈ ہے۔ اقامے پر پانامہ کا نام و نشان نہیں تھا۔ نوازشریف کی سزا کا دن سیاہ ترین دن تھا۔

کسی کو علم نہیں تھا کہ تحریک انصاف تحریک تباہی بن جائے گی: شہباز شریف

مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی مخالفت اور دشمنی میں بلوچستان کی حکومت بھی گرا دی گئی۔ ہماری حکومت گرا کر پاکستان کی ترقی کا راستہ روکا گیا۔ کسی کو علم نہیں تھا کہ اس وقت جو تحریک انصاف تھی وہ تحریک تباہی بن جائے گی اور پورے پاکستان میں تباہی پھیلا دے گی۔

احتساب عدالت لاہور میں پیشی کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نوازشریف آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں انصاف کیلئے حاضر ہوں گے۔ ہم نے ہمیشہ عدلیہ کا احترام کیا ہے اور انصاف کیلئےعدالتوں میں حاضری کو اپنا فرض سمجھتے ہیں۔

لیگی صدر کا کہنا تھا کہ شریف خاندان اور لیگی زعماء نے صعوبتیں، مشکلات اور سختیاں جھیلیں، نوازشریف کو بیٹی کے سامنے ہتھکڑیاں لگائی گئیں لیکن انہوں نے خود کو قانون کے سامنے پیش کیا۔ 2017 میں ان کی حکومت کا تختہ بھی الٹا گیا جس سے ملک میں ترقی کا سفر روکا گیا۔ نواز شریف سے دشمنی میں بلوچستان حکومت کا تختہ بھی الٹا گیا۔ 

سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کسی کوعلم نہیں تھا پاکستان تحریک انصاف تحریک تباہی بن جائے گی۔  9 مئی کے واقعات ملک دشمنی ہیں۔ اس دن ملک کے خلاف سازش اور غداری کی گئی۔ اس دن فوج میں تختہ الٹنے کی بھیانک کوشش کی گئی۔

شہاز شریف کا کہنا تھا کہ انتخابات ہر صورت وقت پر ہونے چاہئیں۔ ہم پوری تیاری کے ساتھ انتخابی مہم میں داخل ہو رہے ہیں۔ نواز شریف انتخابی مہم کے دوران منشور پیش کریں گے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ بنی گالہ کا گھر غیر قانونی طور پر بنایا گیا تھا۔ غریبوں کے گھروں کو مسمار جبکہ عالیشان محل کوجائز قراردیا گیا۔ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے بنی گالہ کی اجازت دی۔ کیا وہ لیول پلیئنگ فیلڈ تھی؟ میں یہاں لاہور میں اور نوازشریف اسلام آباد میں پیش ہو رہے ہیں۔ یہ لیول پلیئنگ فیلڈ ہے۔ اقامے پر پانامہ کا نام و نشان نہیں تھا۔ نوازشریف کی سزا کا دن سیاہ ترین دن تھا۔

اس سے قبل شہباز شریف احتساب عدالت کے طلب کرنے پر رمضان شوگر مل ریفرنس میں عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ عدالت نے ریفرنس کی سماعت 12 دسمبر تک ملتوی کردی ہے۔

منیر باجوہ صحافی ہیں اور مختلف موضوعات سے متعلق رپورٹنگ کرتے ہیں۔ وہ نیا دور میڈیا کی رپورٹنگ ٹیم کا حصہ ہیں۔