Get Alerts

جنسی جرائم کے الزام میں گرفتار گروہ کے سرغنہ عبداللہ ہاشم کا 'مہدی' ہونے کا دعویٰ، جنگ اخبار کی جماعت احمدیہ سے متعلق خبر غلط نکلی

عبداللہ ہاشم خود کو مہدی ثانی کہتا ہے اور یوٹیوب پر The Mahdi Has Appeared نامی یوٹیوب چینل چلاتا ہے۔ رواں صدی کے اوائل میں جب سوشل میڈیا برائے نام تھا اور یوٹیوب کا بھی محض آغاز ہی ہوا تھا، عبداللہ ہاشم نامی اس امریکی شخص نے پہلے The Antichrist Dajjal اور پھر Arrivals of the Antichrist کے نام سے دو ڈاکومنٹریز بنائیں جنہوں نے اس زمانے میں خوب دھوم مچائی تھی۔

جنسی جرائم کے الزام میں گرفتار گروہ کے سرغنہ عبداللہ ہاشم کا 'مہدی' ہونے کا دعویٰ، جنگ اخبار کی جماعت احمدیہ سے متعلق خبر غلط نکلی

جمعرات 30 اپریل 2026 کو پاکستانی اخبار روزنامہ جنگ کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والی ایک خبر، جس کا عنوان تھا "برطانیہ، قادیانیوں کے مراکز پر چھاپے، جنسی زیادتی کے الزامات پر 9 گرفتار"، بعد ازاں حقائق کے تناظر میں متنازع بن گئی۔

خبر میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ برطانیہ میں پولیس نے قادیانیوں (جماعت احمدیہ) کے مراکز پر چھاپے مار کر جدید غلامی، جبری شادی اور جنسی زیادتی سمیت سنگین الزامات کے تحت 9 افراد کو گرفتار کیا۔ مزید بتایا گیا کہ شمال مغربی انگلینڈ میں تقریباً 500 پولیس اہلکاروں نے ایک بڑے آپریشن کے دوران چیشائر کے علاقے کرو میں واقع ایک ہیڈکوارٹر سمیت تین مقامات پر کارروائی کی۔

تاہم بعد ازاں سامنے آنے والی تفصیلات کے مطابق گرفتار افراد کا تعلق جماعت احمدیہ سے نہیں تھا، اور نہ ہی برطانیہ میں جماعت احمدیہ کے کسی مرکز پر پولیس نے چھاپہ مارا۔ برطانوی میڈیا رپورٹس، خصوصاً BBC News کے مطابق، زیرِ حراست افراد کا تعلق ایک گروہ Ahmadi Religion of Peace and Light سے ہے، جو مرکزی جماعت احمدیہ سے منسلک نہیں۔

اس تنظیم کا بانی عبداللہ ہاشم نامی شخص ہے جو خود کو مہدی ثانی کہتا ہے اور یوٹیوب پر The Mahdi Has Appeared نامی یوٹیوب چینل چلاتا ہے۔ رواں صدی کے اوائل میں جب سوشل میڈیا برائے نام تھا اور یوٹیوب کا بھی محض آغاز ہی ہوا تھا، عبداللہ ہاشم نامی اس امریکی شخص نے پہلے The Antichrist Dajjal اور پھر Arrivals of the Antichrist کے نام سے دو ڈاکومنٹریز بنائیں جنہوں نے اس زمانے میں خوب دھوم مچائی تھی۔

عبداللہ ہاشم اپنے متعلق یہ دعویٰ کرنے سے پہلے مبینہ طور پر اہل تشیع مذہب سے تعلق رکھتا تھا اور اس کی ڈاکومنٹریز آج بھی انٹرنیٹ پر موجود ہیں جن میں اس نے امریکی حکومت، بنکنگ نظام، مسیحیت اور یہودی مذاہب کی الہامی کتب، تاریخ اور ہالی وڈ میں Illuminati اور Freemasonry کے اثر و رسوخ پر سنسنی خیز دعوے کیے تھے۔

اس ڈاکومنٹری کی شہرت کا اندازہ اس بات سے کیا جا سکتا ہے کہ پاکستان میں ARY Films نے بھی اس ڈاکومنٹری کو اردو زبان میں ARY چینل پر قسط وار چلایا تھا۔ یہ ویڈیوز بھی یوٹیوب پر موجود ہیں۔

عبداللہ ہاشم خود کو صرف مہدی ہی نہیں، مسیحیت کا موجودہ حقیقی پوپ بھی کہتا ہے اور اس کا دعویٰ ہے کہ یہ اسلام اور مسیحیت کے تمام انبیا کا موجودہ وارث ہے۔

چند سال قبل عبداللہ ہاشم برطانیہ منتقل ہو گیا تھا اور اس کی یہ تنظیم وہیں سے گذشتہ قریب ایک دہائی سے سرگرم تھی۔ جمعرات کو برطانوی پولیس نے طویل تحقیقات کے بعد تنظیم سے منسلک دس افراد کو جنسی جرائم، زبردستی شادی اور جدید غلامی جیسے جرائم کی مد میں گرفتار کیا ہے۔

اس تنظیم کا جماعت احمدیہ سے تعلق نہیں اور جنگ اخبار نے خبر شائع کرنے سے قبل یقیناً اس موضوع پر تحقیق مکمل نہیں کی۔

ویب ایڈیٹر

علی وارثی نیا دور میڈیا کے ویب ایڈیٹر ہیں.