پیپلز پارٹی کو پہلا جھٹکا تب ملا تھا جب نگران سیٹ اپ میں انہیں کوئی جگہ نہیں ملی۔ اب سندھ میں بھی ایم کیو ایم کو جگہ دینے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ پیپلز پارٹی بڑی پارٹی ہے اسے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ لڑنا آتا ہے۔ اگر الیکشن ہوتے ہیں تو پیپلز پارٹی پی ٹی آئی کے ساتھ اتحاد بنائے گی، وہ ن لیگ کے ساتھ انتخابی اتحاد نہیں کرے گی۔ یہ کہنا ہے نادیہ نقی کا۔
نیا دور ٹی وی کے ٹاک شو 'خبرسےآگے' میں جہانگیر جدون نے کہا کہ عدالت نے سائفر کیس میں جوڈیشل ریمانڈ دیا ہے اور انہیں اٹک جیل میں ہی رکھ کر ان سے تفتیش کی جائے گی۔ یہ ٹرائل عمران خان کو جیل کے اندر رکھ کر مکمل کر لیا جائے گا اور انہیں سزا سنائی جائے گی۔ عمران خان کے خلاف باقی مقدموں میں ضمانت کے امکان موجود ہیں مگر القادر ٹرسٹ کیس میں نیب ترامیم کے بعد انہیں ضمانت نہیں ملے گی۔
سجاد انور کے مطابق بڑے گھر کی لڑائی کی علاوہ عمران خان کا اپنا طرزعمل غیر جمہوری اور غیر سیاسی رہا ہے جس نے انہیں نقصان پہنچایا ہے۔ اس وقت صرف پیپلز پارٹی ہی زیر عتاب نہیں ہے، بلکہ ن لیگ میں میاں نواز شریف اور مریم نواز کے فیکٹر کے ساتھ بھی یہی ہو رہا ہے۔ اگلے الیکشن کے بعد ن لیگ میں سے 'ش' بہت واضح ہو کر سامنے آئے گی۔
میزبان رضا رومی تھے۔ 'خبرسےآگے' ہر پیر سے ہفتے کی شب 9 بج کر 5 منٹ پر نیا دور ٹی وی سے پیش کیا جاتا ہے۔