سابق سیکریٹری الیکشن کمیشن کنور دلشاد نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے الیکشن کمیشن کو بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے پر مجبور کیا۔ الیکشن کی تیاریاں مکمل تھیں۔
کنور دلشاد نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے بلدیاتی سسٹم کو بچا لیا ہے۔ الیکشن کمیشن کی تیاریاں مکمل تھیں۔
سابق سیکریٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ الیکشن کمیشن ہنگامی بنیادوں پر الیکشن کرا سکتا ہے عدالتی فیصلے کے بعد ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے لیکن اگر الیکشن کمیشن کی تیاریاں مکمل نہیں ہیں تو پھر اٹارنی جنرل کے ذریعے عدالت سے وقت مانگا جاسکتا ہے۔
کنور دلشاد نے کہا کہ میری نظر میں الیکشن کمیشن کیلئے کل الیکشن کرانا نا ممکن ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا ہے کہ اتنے مختصر وقت میں اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کرانا عملی طور پر ممکن نہیں۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ عدالت کے فیصلے پر عملدرآمد کرانا الیکشن کمیشن کا اختیار ہے۔ انتخابات کا انعقاد آئینی،جمہوری طریقے سے ہوتا ہے۔ فیصلے پر اپیل کی جاسکتی ہے۔
سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے مزید کہا کہ حکومت نے اجلاس بلا لیا ہے جس میں تمام صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن ملتوی کرنے کا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو کل ہی الیکشن کرانے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے الیکشن کمیشن کو 101یونین کونسلز پر 31 دسمبر کو الیکشن کرانے کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دیے کہ الیکشن کمیشن شیڈول کے مطابق انتخابات کرائے۔