لاہور کی اسپیشل سینٹرل عدالت نے وزیراعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز شریف کو فرد جرم کے لیے منی لانڈرنگ کیس کی آئندہ سماعت پر طلب کر لیا ہے۔۔
اسپیشل سینٹرل کورٹ کے جج اعجاز اعوان نے ایف آئی اے منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کی۔ شہباز شریف اور حمزہ شہباز پیش نہ ہوئے۔ وکیل نے کہا کہ حمزہ شہباز کی کمر میں شدید درد ہے، شہبازشریف خراب موسم کی وجہ سے نہیں آسکے اور بذریعہ سڑک ڈاکٹر نے سفر کرنے سے منع کررکھا ہے۔
ایف آئی اے پراسکیوٹر نے کہا کہ شہباز شریف پر نہیں لیکن حمزہ شہباز کی حاضری معافی کی درخواست پر اعتراض ہے، ضمانت منظور ہوتے ہی ملزم نے پیش ہونا چھوڑ دیا۔ ایف آئی اے نے ملزم مقصود چپڑاسی کے موت کا سرٹیفکیٹ جمع کرادیا۔ عدالت نے ملک مقصود کی حد تک کیس کی کارروائی ختم کر دی۔
ایف آئی اے پراسکیوٹر نے بتایا کہ سلمان شہباز کے 19 بینک اکاؤنٹس کا ریکارڈ مل گیا 7 بینکس کا ریکارڈ آنا باقی ہے، سلمان شہباز کی جن جائیدادوں کا ریکارڈ مل گیا تھا وہ جمع کرا دیا ہے۔
عدالت نے کیس کی سماعت 7 ستمبر تک ملتوی کرتے ہوئے شہباز شریف اور حمزہ کی حاضری معافی کی درخواستوں کو منظور کر لیا اور دونوں ملزمان کو فردجرم کے لئے آئندہ سماعت پر طلب کر لیا۔