لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ، عمران خان کا سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا اعلان

لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ، عمران خان کا سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا اعلان
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس بات کا اعلان انہوں نے اسلام آباد میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

قبل ازیں اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی نے علی ظفر ایڈووکیٹ کی سربراہی میں قانونی ٹیم سے مشاورت کی، قانونی پٹیشن کی تیاری شروع کر دی گئی۔ مشاورت کے دوران بتایا گیا کہ تحریک انصاف کے پانچ ارکان حج کے لیے گئے ہیں جبکہ چھ ارکان ضروری کام کے سلسلے میں بیرون ملک ہیں۔

تحریک انصاف کے پانچ ارکان کا ہائی کورٹ کے فیصلے کے باوجود الیکشن کمیشن نے نوٹی فکیشن جاری نہیں کیا جبکہ ہائی کورٹ کے فیصلے میں کئی آئینی اور قانونی ابہام موجود ہیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سپریم کورٹ کے سامنے قانونی نکات رکھے جائیں گے۔

مشاورت میں علی ظفر ایڈووکیٹ، مونس الٰہی، راجہ بشارت، صمصام بخاری، غضنفر عباس چھینہ، حسین جہانیان گریزی، حافظ عمار یاسر اور دیگر وکلا بھج بھی شریک ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: نامعلوم نمبروں سے امیدواروں کو فون آئے کہ آپ نے پی ٹی آئی کے ٹکٹ نہیں لینے، عمران خان

دوسری جانب تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اب خود نامعلوم ٹیلی فونز کالز اور مداخلت کا ذکر کرنے لگے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ امیدواروں کو ٹیلی فون کرکے کہا گیا کہ آپ نے پی ٹی آئی کے ٹکٹ نہیں لینے۔

عمران خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن جو حرکتیں کر رہا ہے، وہ سب کے سامنے ہے۔ ہماری باتیں چھوڑیں حکومت کے اپنے اتحادی جمعیت علمائے اسلام اور ایم کیو ایم حالیہ سندھ الیکشن کے بارے میں کیا کہہ رہے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ سندھ الیکشن میں کئی امیدواروں کو بلا مقابلہ ہی جتوا دیا گیا۔ ان الیکشن میں پولیس کا بھرپور استعمال کیا گیا۔ لوگوں کو گھروں سے اٹھا لیا گیا۔ سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو نے اپنے دور حکومت میں ایسا کیا تھا تو بہت شور مچا تھا لیکن اس بار تو اور زیادہ یہ کام کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اب 17 جولائی کو پنجاب کے 20 حلقوں میں جو ضمنی الیکشن ہونے جا رہے ہیں، اس میں جس لیول کی مداخلت کی جا رہی ہے وہ بیان سے باہر ہے۔ امیدواروں کو نامعلوم کالیں آئیں کہ پی ٹی آئی کے ٹکٹ نہ لئے جائیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ میں لوگوں کو ٹکٹیں دینے کیلئے انٹرویو کر رہا تھا کہ اس دوران دو امیدواروں نے بتایا کہ ہمیں فون کرکے پریشرائز کیا جا رہا ہے کہ آپ نے عمران خان سے ٹکٹیں نہیں لینی ہیں۔