بھارت: ہر 15 منٹ میں ایک خاتون کا ’ریپ‘ کیا جاتا ہے، رپورٹ

بھارت: ہر 15 منٹ میں ایک خاتون کا ’ریپ‘ کیا جاتا ہے، رپورٹ
بھارت کی ریاست تلنگانہ میں چند روز قبل لیڈی ڈاکٹر پریانکا ریڈی کو ریپ کے بعد جلا کر قتل کیے جانے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ اس واقعے کے بعد بھارت میں ایک بار پھر خواتین پر تشدد اور ریپ پر بحث چھڑ گئی ہے جبکہ بھارتی حکومت کی جانب سے جاری کی گئی ایک رپورٹ میں بھی تشویشناک اعداد و شمار سامنے آئے ہیں۔

بھارتی حکومت کے ادارے نیشنل کرائم ریکارڈس بیورو کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بھارت میں ہر 15 منٹ میں ایک خاتون کا ریپ کیا جاتا ہے۔

این سی بی آر کی رپورٹ کے مطابق بھارت بھر میں خواتین کے خلاف تشدد، ریپ، ان پر تیزاب سے حملے، انہیں ہراساں کرنے سمیت دیگر صنفی تفریق کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ سال 2017 میں مجموعی طور پر بھارت بھر میں خواتین کے خلاف جرائم و تشدد کے 3 لاکھ 60 ہزار سے زائد کیسز رجسٹرڈ ہوئے جن میں سے زیادہ تر ریپ کے کیسز تھے۔ اعداد و شمار کے مطابق صرف 2017 میں بھارت بھر میں 3 لاکھ 30 ہزار سے زائد خواتین کا ریپ اور گینگ ریپ ہوا۔

رجسٹرڈ اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں ہر 15 منٹ میں ایک خاتون کا ریپ اور ہر ایک دن بعد کسی خاتون کا گینگ ریپ کیا جاتا ہے۔