"تمام سیاسی جماعتیں آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع پر متفق ہیں"

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے دعویٰ کیا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع پر متفق ہیں۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو دور اندیشی قرار دیا۔ وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ 6 مہینے تو دور کی بات ہے 6 ہفتے میں ہی آرمی چیف کی مدت ملازمت میں 3 سال کی توسیع کا فیصلہ ہو جائے گا۔



انہوں نے کہا آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ناصرف افغانستان میں امن کی فضا بحال کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا بلکہ پاک افغان سرحدی تنازع ڈیورنڈ لائن پر باڑ لگا دی۔

انہوں نے کہا کہ سب سے بڑی بات یہ ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ جمہوری حکومت اور عمران خان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں جس کا مقصد جمہوریت کی کامیابی ہے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے کیس کے فیصلے میں وفاقی حکومت کو ہدایت کی ہے کہ وہ پارلیمنٹ میں چیف آف آرمی سٹاف کی ملازمت کی شرائط کو بذریعہ ایکٹ آف پارلیمنٹ واضح کرے۔