مصر کی ایک خاتون صحافی رحاب بدر نے مبینہ طور پر گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کر لی، مصری پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق رحاب بدر الاقصر فیسٹیول کی کوریج کے لیے کام کر رہی تھیں۔ اس کے شوہر نے پولیس کو بتایا کہ اس نے اپنے دفتر سے رحاب بدر کو ٹیلی فون کیا مگر اس نے فوج کال نہیں سنی۔ بار بار فون کرنے کے باوجود اس کے ساتھ رابطہ نہ ہو سکا۔ اس کے بعد اس کی ماں کو فون کیا اور ان کو بتایا کہ رحاب فون نہیں سن رہی۔ وہ جنوبی قاہرہ میں موجود ان کی رہائش گاہ پر اس کے بارے میں معلومات کریں۔
پولیس کی ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رحاب کی ماں اس کے گھر میں پہنچی اور دروازہ پر دستک دی مگر کوئی جواب نہیں ملا۔ انہوں نے ہمسائیوں کی مدد سے رحاب کے فلیٹ کا دروازہ توڑا جہاں رحاب کی لاش پھندے کے ساتھ لٹک رہی تھی۔
پولیس کی چھان بین کے دوران پتا چلا کہ فلیٹ کے تمام دروازے اور کھڑکیاں اندر سے بند تھیں۔ پولیس نے رحاب کے تمام اقارب کو اس پراسرار موت کے بارے میں مزید معلومات کے حصول کے لیے طلب کر لیا ہے۔
پراسیکیوٹر نے رحاب کے موبائل ریکارڈ کی چھان بین کا حکم دیا ہے۔ تاہم، ابھی تک خودکشی کی وجہ سامنے نہیں آ سکی ہے۔