نبیل گبول نے ریحام خان کو شادی کیلئے کب پروپوز کیا؟

نبیل گبول نے ریحام خان کو شادی کیلئے کب پروپوز کیا؟
پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نبیل گبول نے ماضی میں وزیراعظم پاکستان عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان کو شادی کی پیشکش کرنے سے متعلق وضاحت پیش کی ہے۔

نبیل گبول ماڈل و اداکارہ آمنہ الیاس کے ہمراہ جیو نیوز کے پروگرام 'جشنِ کرکٹ' کے مہمان بنے، دونوں مہمان شو کے مختلف سیگمنٹس میں پوچھے جانے والے سوالات سے محظوظ ہوئے۔

دوران شو نیبل گبول اور ریحام خان کا ایک پرانہ کلپ دکھایا گیا جو کہ عید کے ایک شو کا تھا، اس کلپ میں رہنما پیپلز پارٹی ریحام خان کو شادی کی پیشکش کر رہے ہیں۔

میزبان شہزاد اقبال نے نبیل گبول سے کہا کہ گیم کے آغاز میں ذومعنی گفتگو کے دوران آپ نے کہا کہ اگر وہی بات میں نے آج کی تو آمنہ الیاس کی خوش قسمتی ہو گی۔

نبیل گبول نے کہا کہ وہ لمبی کہانی ہے، میں نے ریحام خان کو مذاق میں شادی کی پیشکش کی تھی لیکن مجھے نہیں پتہ تھا کہ میرے دوست عمران خان برا مان جائیں گے اور جلد ہی ان سے شادی کر لیں گے۔

نبیل گبول نے آمنہ الیاس کو مخاطب ہوتے ہوئے یہ بھی کہا کہ اگر ان کو اپنی قسمت چمکانی ہے تو ہو سکتا ہے کہ میں انہیں پروپوز کروں تو کوئی اور انہیں شادی کی پیشکش کر دے اور یہ خاتونِ اول بن جائیں۔

جواب میں آمنہ الیاس نے کہا کہ انہوں ( نبیل گبول) نے سماجی کاموں کی سروس کھولی ہوئی ہے۔

رہنما پیپلز پارٹی نے یہ بھی کہا کہ مجھے معلوم ہے کہ اگلا وزیراعظم کون ہوگا لہٰذا میں ابھی سے ان کا کام پکا کر رہا ہوں۔