نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کی تعیناتی کے خلاف پی ٹی آئی کی درخواست واپس

نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کی تعیناتی کے خلاف پی ٹی آئی کی درخواست واپس
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی  کی تعیناتی  کے خلاف پاکستان تحریک انصاف کی درخواست پر رجسٹرار سپریم کورٹ نے اعتراضات عائد کر دیے۔

رجسٹرار سپریم کورٹ نے اعتراضات لگا کر پی ٹی آئی  کی درخواست واپس کر دی۔

اعتراض لگایا گیا کہ تحریک انصاف نے نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی تعیناتی کو چیلنج کیا تاہم درخواست گزار کی جانب سے عوامی اہمیت اور بنیادی حقوق کے کسی معاملے کی نشاندہی نہیں کی گئی۔

درخواست گزار نے متعلقہ فورم سے رجوع نہیں کیا اور اسد عمر نے پارٹی کے سیکریٹری جنرل ہونے کا کوئی ثبوت نہیں دیا۔

اعتراض میں یہ بھی کہا گیا کہ آرٹیکل 248 کے تحت وزیر اعلیٰ کو فریق نہیں بنایا جا سکتا۔ درخواست کی تیاری میں غیر مناسب زبان کا استعمال کیا گیا۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ میں نگران وزیراعلٰی پنجاب محسن نقوی کے خلاف درخواست شہری شاہد اورکزئی نے دائرکی۔

درخواست گزارشہری شاہد اورکزئی کی جانب سے وکیل نے عدالتِ عظمٰی سے استدعا کی گئی کہ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کو فی الفور کام کرنے سے روکا جائے اور آئی جی پنجاب اور سی سی پی او لاہور کے تبادلے فوری معطل کیے جائیں۔