'جب ہم بھی اپوزیشن میں تو کہتے تھے کہ چند ماہ میں انتخابات ہونے والے ہیں لیکن یہ وقت پر ہوں گے'

'جب ہم بھی اپوزیشن میں تو کہتے تھے کہ چند ماہ میں انتخابات ہونے والے ہیں لیکن یہ وقت پر ہوں گے'
وزیر داخلہ شیخ رشید نے ایک تقریب سے خطاب میں اپنے گھر پر حملے سے متعلق بات کی جبکہ شیخ رشید نے تقریب میں موجود افراد کو ماسک پہننے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی نئی قسم ڈیلٹا سے احتیاط برتیں اور اپنے آپ کو محفوظ رکھیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ جب ہم بھی اپوزیشن میں تھے تو چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری کی طرح کی باتیں کرتے تھے کہ آئندہ چند ماہ میں انتخابات ہونے جارہے ہیں، لیکن حقیقت یہ ہے کہ الیکشن اپنے وقت پر ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن کو سمجھ لینا چاہیے کہ تحریک انصاف مزید بہتر پوزیشن میں آرہی ہے اور آئندہ دو برس میں مزید بہتر ہوگی۔
وزیر داخلہ نے طالبان اور چین کے مابین مذاکرات سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ چین اور پاکستان کے تعلقات ہمالیہ کے پہاڑوں سے بلند ہیں اور انہیں کوئی طاقت بھی خراب نہیں کر سکتی۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم چین پر اعتماد کرتی ہے اور بعض ممالک پاک ۔ چین تعلقات کو نقصان پہنچانے کے لیے سازش کر رہے ہیں، لیکن ہمارے تعلقات کبھی خراب نہیں ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ راولپنڈی کے تمام مسائل حل ہوگئے ہیں جبکہ لئی ایکسپریس میری زندگی اور سیاست کا مسئلہ ہے، جب وہ بن جائے گی تو سیاست سے ریٹائرمنٹ لے لوں گا۔
نور مقدم کیس کے بارے میں بیان
سابق سفارت کار کی بیٹی نور مقدم کے قتل سے متعلق سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مقتولہ کے ملزم کو کسی صورت نہیں چھوڑیں گے اور اگر میرا بس چلے تو میں اس کو گولی مار دوں۔
شیخ رشید نے میڈیا کو مخاطب کرکے کہا کہ ’جو پاگل لوگ ایسے جرائم کرتے ہیں انہیں زیادہ کوریج نہ دیں کیونکہ ایسے بیمار ذہن کے لوگ زیادہ شہرت چاہتے ہیں‘۔
علاوہ ازیں افغان سفیر کی بیٹی کے مبینہ اغوا کے واقعے میں ٹیکسی ڈرائیوروں سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’یہ حقیقت ہے کہ میں نے افغان سفیر کی بیٹی کے مبینہ اغوا کے معاملے میں گرفتار ٹیکسی ڈرائیور کی رہائی کےلیے آئی جی اسلام آباد کو کہا ہے کیونکہ وہ بے قصور ہیں۔