وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے دو ہفتوں کے لاک ڈاؤن کی تجویز دی لیکن ہم مکمل لاک ڈاؤن کے متحمل نہیں ہوسکتے۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے کورونا کا اجلاس ہوا جس میں ملک میں کورونا اور سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان نے ایس او پیز پر ہر صورت عملدرآمد کی ہدایت کی۔ اس دوران وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ ہم مکمل لاک ڈاؤن کے متحمل نہیں ہوسکتے لہٰذا ایس او پیز میں غفلت نہ برتی جائے۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت نے دو ہفتوں کے لاک ڈاؤن کی تجویز دی لیکن ہم مکمل لاک ڈاؤن نہیں کرسکتے، مکمل لاک ڈاؤن سے دیہاڑی دار طبقہ متاثر ہوگا۔
وزیراعظم کا کہنا تھاکہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی برقرار رہے گی، ہماری اسمارٹ لاک کی پالیسی پہلے بھی کامیاب رہی۔
یاد رہے کہ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کورونا کی وبا بہت خطرناک ہے، مجھ میں اینٹی باڈیز ہیں لیکن میں پھر بھی کورونا سے ڈرا ہوا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ہاں آٹے میں نمک کے برابر بھی ویکسین نہیں لگی، ہم ویکسین لگا سکے اور نا ہی منگوا سکے۔