جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا نام بدل کر مریم نواز انسٹیٹیوٹ آف کارڈیو ویسکولر ڈیزیز لاہور رکھنے پر عظمیٰ بخاری کا بیان سامنے آگیا۔حکومت پنجاب نے جناح ہسپتال لاہور کے نام کی تبدیلی سے متعلق سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر گردش کرنے والے نوٹیفکیشن کو فرضی اور جعلی قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ پنجاب میں کسی ہسپتال کا نام تبدیل نہیں کیا جا رہا ہے۔
جمعرات کو سوشل میڈیا پر گردش کرنےوالی ایک خبر نے اس وقت سب کی توجہ سمیٹی جب محکمہ صحت پنجاب کاایک نوٹیفکیشن وائرل ہوا۔یہ نوٹیفکیشن سیکریٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کیا گیا تاہم اس پر سیکریٹری کے دستخط موجود نہیں ہیں۔ نوٹیفکیشن کی کاپی چیف سیکریٹری پنجاب سمیت تمام متعلقہ اداروں کو بھی مارک کی گئی ہے ۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور رپورٹس کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں
نوٹیفکیشن میں اعلان کیا گیا کہ بورڈ آف مینجمنٹ، علامہ اقبال میڈیکل کالج، جناح ہسپتال لاہور کی جانب سے پاس کردہ قرارداد میں علامہ اقبال میڈیکل کالج، جناح ہسپتال لاہور سے منسلک انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی زیر تعمیر بلڈنگ کا نام ’ مریم نواز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیو ویسکولر ڈیزیز (ایم این آئی سی وی ڈی) لاہور رکھا گیا ہے۔
ترجمان حکومت پنجاب عظمیٰ بخاری کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنی پوسٹ کے ساتھ جعلی نوٹیفکیشن کی کاپی کو شیئر کرتے ہوئے اسے فرضی اور جعلی قرار دیا گیا اور کہا گیا کہ پنجاب کے کسی ادارے کا نام تبدیل نہیں کیا جا رہا۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ حکومت پنجاب کے بارے میں یہ فیک نوٹیفکیشن زیر گردش ہے. جس کی سختی سے تردید کی جاتی ہے۔کسی ہسپتال کا نام نہیں بدلا جا رہا۔
حکومت پنجاب کے بارے میں یہ فیک نوٹیفکیشن زیر گردش ہے،جس کی سختی سے تردید کی جاتی ہے،کسی ہسپتال کا نام نہیں بدلا جارہا pic.twitter.com/VhNvxJL5Uf
— Azma Zahid Bokhari (@AzmaBokhariPMLN) May 30, 2024
واضح رہے کہ نگران حکومت نے زِیر تعمیر منصوبے کا نام جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی جناح ہسپتال رکھا۔