خدیجہ شاہ اور دیگر پی ٹی آئی ورکرز کے بارے میں ریاستی اداروں نے سوچ رکھا ہے کہ انہیں جیل سے باہر نہیں آنے دینا۔ ریاستی اداروں کا یہ رویہ لاقانونیت کا تاثر پیدا کرتا ہے اور اس سے بنیادی حقوق اور آزادی کے حقوق مجروح ہو رہے ہیں۔ سپریم کورٹ کو اس معاملے پر ازخود نوٹس ضرور لینا چاہئیے کیونکہ 184 (3) اسی قسم کے معاملات کے لیے بنایا گیا تھا۔ یہ کہنا ہے ماہر قانون سمیر کھوسہ کا۔
نیا دور ٹی وی کے ٹاک شو 'خبرسےآگے' میں صحافی وسیم عباسی نے بتایا کہ حکومت کے مطابق آج تک ایک لاکھ چار ہزار غیر قانونی افغان پناہ گزین واپس جا چکے ہیں۔ کوئٹہ میں دو ایس ایچ اوز کو معطل کیا گیا جنہوں نے افغان پناہ گزینوں سے پیسے لیے تھے۔ اگر پناہ گزینوں کے ساتھ نامناسب طرز عمل اختیار کیا گیا تو علاقے کے ڈی پی او کے خلاف کارروائی ہو گی۔
سینیئر صحافی اعجاز احمد کے مطابق ملک بھر میں غیر قانونی افغان پناہ گزینوں کی واپسی کے لیے 49 ڈیپورٹیشن سٹیشن بنائے گئے ہیں۔ مختلف شہروں میں پناہ گزینوں کے خلاف ڈیڈلائن سے قبل ہی کارروائیاں کی جا رہی ہیں اور افغان پناہ گزینوں کی جانب سے شکایات موصول ہو رہی ہیں۔
صحافی عبداللہ مومند نے بتایا کہ خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے یوٹیوبر عمران نوشاد خان ایک انٹرویو کے سلسلے میں لاہور گئے تھے جہاں سے انہیں غائب کر دیا گیا۔ ان کا فون نمبر تاحال بند ہے اور وہ لاپتہ ہیں۔ خیبر پختونخوا پولیس نے ان کے گھر پر چھاپہ مارا، گھر والوں کو ہراساں کیا اور ان کے 15 سالہ بھائی کو بھی ساتھ لے گئی۔
میزبان رضا رومی تھے۔ 'خبرسےآگے' ہر پیر سے ہفتے کی شب 9 بج کر 5 منٹ پر نیا دور ٹی وی سے پیش کیا جاتا ہے۔