Get Alerts

اختیارات کا ناجائزاستعمال، فیض حمید کے بھائی کو معطل کر دیا گیا

اختیارات کا ناجائزاستعمال، فیض حمید کے بھائی کو معطل کر دیا گیا
لیفٹننٹ جنرل (ر) فیض حمید کے بھائی سردار نجف حمید خان کو اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے کے الزام میں نائب تحصیلدار چکوال کے عہدے سے معطل کر دیا گیا۔

یہ پیشرفت ان کے بھائی فیض حمید  کے فوج سے ریٹائر ہونے کے مہینوں بعد سامنے آئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ مال چکوال کے افسران کی جانب سے بڑا کریک ڈاؤن کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں محکمہ مال چکوال کے 4 گرداور اور 8 پٹواریوں کو معطل کردیا گیا ہے ۔فیض حمید کے بھائی سمیت معطل ہونے والے گرداور اور پٹواریوں پر نازیبا رویے اور اختیارات سے تجاوز کا الزام ہے۔

اس ضمن میں راولپنڈی ڈویژن کے کمشنر  آفس کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔ جس میں سردارنجف حمید خان کو فوری طور پر کمشنر آفس رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔



سردار نجف حمید خان جنرل (ر)فیض حمید کے بھائی ہونے کے ساتھ ساتھ پاکستان تحریک انصاف کے ممبر اور سرگرم رہنما بھی ہیں۔ دوران ملازمت ہی پی ٹی آئی کیلئے جلسے ،ریلیوں کا اہتمام کرتے رہے. انتخابات کے دوران الیکشن مہم میں بھی بھرپور حصہ لیتے رہے ہیں۔

20 مئی 2021 میں کمشنر راولپنڈی ڈویژن سید گلزار حسین شاہ نے نجف حمید خان (ڈی جی آئی ایس آئی جنرل فیض حمید کے بھائی) کو گرداور سے نائب تحصیلدار کے عہدے پر ترقی دی تھی۔ وہ ضلع چکوال میں پٹواری (لینڈ ریونیو آفیسر) کے طور پر خدمات انجام دے رہےتھے۔

اگلے روز آئی ایس آئی کے سابق سربراہ فیض حمید کے بھائی نجف حمید کی ناجائز ترقی کی خبر معروف انگلش اخبار 'دی نیشن' میں شائع کی گئی تاہم خبر کو ہٹا دیا گیا۔