فیض حمید کا کورٹ مارشل کیا جانا چاہیے: مریم نواز

فیض حمید کا کورٹ مارشل کیا جانا چاہیے: مریم نواز
مسلم لیگ (ن) کی سینیئر نائب صدر مریم نواز شریف نے سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کا کورٹ مارشل کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ مریم نواز کا کہنا ہے کہ جنرل (ر) فیض حمید کا کورٹ مارشل کیا جانا چاہیے.

ایک ویب چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا کہ جنرل (ر) فیض حمید نے عمران خان کی حمایت کرکے 4 سال ملک کو تباہ کیا۔ انہوں نے جج کے گھر جاکر کہا کہ نواز شریف کو سزا دو۔ ن لیگ کی حکومت گرانے میں کردار ادا کیا۔

مریم نواز نے کہا کہ ادارے اپنی بربادی کا باعث بننے والے عناصر کو سزا دیں۔  جنرل (ر) فیض حمید کو نشان عبرت بنایا جائے۔ ان کا کورٹ مارشل کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہائبرڈ نظام لانے والوں کو سب سے بڑی سزا ووٹ کو عزت دو کی عوامی آگاہی مہم سے ملی۔ چند افراد اداروں کی بدنامی کا باعث بنتے ہیں، اداروں کو ایسے افراد کو سزا دینی چاہیے۔

رہنما ن لیگ کا کہنا تھا کہ ثاقب نثار جس طرح باتیں کررہے ہیں اس سے واضح ہوتا ہے وہ آج بھی متحرک ہیں، وہ جتنا بھی جھوٹ بول لیں۔ قوم ان کے بارے میں سب کچھ اچھی طرح جانتی ہے۔ ثاقب نثار سب سے بڑے مجرم ہیں۔ انہیں اُس وقت کرنل اور بریگیڈیئر فون کرکے ہدایت دیتے تھے۔ ثاقب نثار نے عمران خان کو صادق اور امین کا سرٹیفکیٹ دیا۔ ان کی وجہ سے نااہل اور بدکردار شخص قوم پر مسلط ہوگیا۔

عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ جنرل (ر)قمر جاوید باجوہ عمران خان کی حمایت کرتے رہے تو عمران خان ان کی تعریفیں کرتے رہے۔ اب جنرل باجوہ ریٹائرڈ ہوگئے تو عمران خان ان پر حملہ آور ہوگئے۔ عمران خان جنرل (ر) باجوہ کا گربیان اور موجودہ آرمی چیف کے پاؤں پکڑتا ہے۔عمران خان اب کسی جگہ منہ دکھانے کےلائق نہیں۔ ان کی فیملی کے قریبی شخص نے بتایا کہ وہ لیگی ارکان سے معافیاں مانگ رہے ہیں۔