پاکستان بار کونسل کے انتخابات میں عاصمہ جہانگیر گروپ نے میدان مار لیا

پاکستان بار کونسل کے انتخابات میں عاصمہ جہانگیر گروپ نے میدان مار لیا
پاکستان بار کونسل  کے 23 رکنی ایوان کی اکثر نشستوں پر مرحومہ عاصمہ جہانگیر کے نام سے معروف آزاد گروپ نے میدان مار لیا۔

عاصمہ جہانگیر گروپ نے 9 جبکہ حامد خان گروپ کے 2 امیدوار کامیاب قرار پائے، جیتنے والے امیدواروں کے حامی وکلاء نے کامیابی کا جشن منایا.


غیر سرکاری نتائج کے مطابق کامیاب ہونے والوں میں آزاد گروپ کے سربراہ محمد احسن بھون، اعظم نذیر تارڑ، عابد ساقی، طاہر نصر اللہ وڑائچ، پیر مسعود چشتی، حفیظ الرحمٰن چودھری، حسن رضا پاشا، مرزا عزیز اکبر بیگ اور سید کلب حسن شامل ہیں۔

پنجاب میں پروفیشنل گروپ کے کامیاب ہونے والے اراکین میں چودھری اشتیاق اے خان اور شفقت محمود چوہان شامل ہیں۔ اس کے علاوہ آزاد گروپ نے سندھ کی 6 میں سے 4 نشستیں جبکہ خیبر پختونخوا کی 4 میں سے 3 نشستیں حاصل کرنے کا بھی دعویٰ کیا۔

بطور ریٹرننگ افسر ان انتخابات کا انعقاد کروانے والے اٹارنی جنرل پاکستان خالد جاوید خان 5 جنوری کو پاکستان بار کونسل کے انتخابات کے نتائج کا باقاعدہ اعلان کریں گے۔