الو ارجن کی 'پشپا راج' 1500 کروڑ کمانے والی پہلی بھارتی فلم ہو گی

بالی ووڈ اب جنوبی بھارت کے سنیما سے پیچھے رہ گیا ہے۔ ماضی میں دلیپ کمار، امیتابھ بچن اور راجیش کھنہ جیسے سپر سٹارز بھارت میں مرکزی حیثیت رکھتے تھے مگر اب جنوبی بھارت کے پربھاس، الو ارجن اور یش پین انڈیا سپر سٹار بن چکے ہیں۔

الو ارجن کی 'پشپا راج' 1500 کروڑ کمانے والی پہلی بھارتی فلم ہو گی

15 اگست کو بھارتی فلم انڈسٹری میں ایک نیا اتہاس لکھا جائے گا۔ ساؤتھ انڈین سپر سٹار الو ارجن وہ کر دکھائیں گے جو شاہ رخ خان اور رنبیر کپور نہیں کر سکتے، شاید پربھاس بھی نہیں کر سکتے۔ 15 اگست کو الو ارجن کی پشپا 2 یا پشپا راج ریلیز ہونے جا رہی ہے۔ اس فلم کو دیکھنے کی طلب فلم بنیوں میں اس قدر بڑھ چکی ہے کہ ماضی میں اور مستقبل میں شاید ہی اس کا کوئی موازنہ ہو سکے۔ جس دن فلم کی ایڈوانس بکنگ کھل گئی اگلے پچھلے تمام ریکارڈ ٹوٹ جائیں گے۔

2021 میں جب پشپا فلم ریلیز ہوئی تھی تب اس کا بجٹ 200 کروڑ کے لگ بھگ تھا۔ فلم نے 335 کروڑ کا بزنس کیا تھا۔ فلم کے رائٹر و ڈائریکٹر سیو کمار تھے۔ مرکزی کردار الو ارجن، رشمکا مندانہ اور فرہاد فیصل نے ادا کیے تھے۔ تب بھی اس فلم نے ہندی سرکٹ سے 100 کروڑ کا بزنس کیا تھا جو بہت بڑا کارنامہ تھا۔ اب سیو کمار بطور رائٹر و ڈائریکٹر پشپا 2 کے ساتھ آ رہے ہیں جس کی سٹار کاسٹ وہی ہے یعنی الو ارجن، رشمکا مندانہ اور فرہاد فیصل۔ میوزک دیوی پرساد کا ہے جنہوں نے پہلے پارٹ کا بھی میوزک دیا تھا۔

پشپا 2 کے حوالے سے ٹریڈ پنڈتوں کا دعویٰ ہے کہ یہ فلم پورے بھارت سے ایک ہزار کروڑ اور پوری دنیا سے 1500 کروڑ کمانے والی فلم بن سکتی ہے اور باہو بلی 2 سے زیادہ بڑی بلاک بسٹر ثابت ہو سکتی ہے۔ اس فلم کی طاقت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ہندی سرکٹ میں 200 کروڑ میں تقسیم کاروں نے پشپا 2 خریدی ہے اور فلم کے سیٹلائٹ رائٹس، ڈیجیٹل رائٹس اور میوزک رائٹس اب تک 600 کروڑ میں فروخت ہو چکے ہیں۔ ابھی فلم کے جنوبی بھارت کے رائٹس اور دنیا بھر کے رائٹس فروخت نہیں ہوئے۔ جب یہ سارا عمل مکمل ہو جائے گا تو پشپا 2 ریلیز سے پہلے ہی 1000 کروڑ کمانے والی پہلی فلم بن جائے گی جبکہ ریلیز کے بعد سنیما گھروں میں جو طوفانی بزنس ہو گا وہ الگ تاریخ مرتب کرے گا۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

جنوبی بھارت کے سپر سٹارز نے ہندی سرکٹ میں اپنا لوہا منوا لیا ہے۔ پہلے پربھاس، پھر یش اور اب الو ارجن پین انڈیا سپر سٹار بن گئے ہیں۔ الو ارجن، پربھاس اور یش سے ایک قدم آگے بڑھ چکا ہے۔ وہ پہلا بھارتی سپر سٹار بننے جا رہا ہے جس کی فلم پشپا 2 تلگو، تامل، ملیالم، کناڈا، ہندی اور بنگلہ زبانوں میں ریلیز ہونے جا رہی ہے۔ بالی ووڈ کا کوئی بھی سپر سٹار بشمول شاہ رخ خان، سلمان خان، رنبیر کپور، ہریتک روشن پین انڈیا سپر سٹار نہیں ہے۔ شاہ رخ خان کی 'جوان' اور رنبیر کپور کی 'اینیمل' نے جنوبی بھارت سے 50 کروڑ سے زائد کا بزنس اس لیے کیا تھا کہ جوان کے ڈائریکٹر اٹیلی کمار، ہیروئن نین تارا اور اینیمل کے ڈائریکٹر سندیپ رنڈی واگہ اور ہیروئن رشمکا مندانہ کا تعلق جنوبی بھارت سے تھا۔

یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ بالی ووڈ اب جنوبی بھارت کے سنیما سے پیچھے رہ گیا ہے۔ ماضی میں دلیپ کمار، امیتابھ بچن اور راجیش کھنہ جیسے سپر سٹارز بھارت میں مرکزی حیثیت رکھتے تھے مگر اب جنوبی بھارت کے پربھاس، الو ارجن اور یش پین انڈیا سپر سٹار بن چکے ہیں۔

حرف آخر پشپا 2 کی ہائپ اس قدر بڑھ گئی ہے کہ ہندی سرکٹ کے سپر ڈائریکٹر روہت شیٹھی اور ماس مہاراجہ اجے دیوگن نے اپنی سنگھم 3 کو 15 اگست پر ریلیز کرنے کا ارادہ بدل لیا ہے۔ اطلاعات ہیں کہ یہ فلم اب جنوری 2025 میں ریلیز ہو گی۔ ابھی تک روہت شیٹھی اور اجے دیوگن نے باضابطہ اعلان تو نہیں کیا مگر یہ ان کا درست فیصلہ ہے۔ پشپا 2 کے سونامی کے سامنے کوئی بھی بند نہیں باندھا جا سکتا۔

حسنین جمیل 17 سال سے صحافت سے وابستہ ہیں۔ وہ افسانوں کی تین کتابوں؛ 'کون لوگ'، 'امرتسر 30 کلومیٹر' اور 'ہجرت' کے مصنف ہیں۔