سابق وزیراعظم اور سربراہ مسلم لیگ ن نواز شریف 10 نومبر سے انتخابی مہم کا آغاز کریں گے۔ نواز شریف چاروں صوبوں کے دورے کریں گے اور ٹکٹوں کی تقسیم کے لیے پارلیمانی بورڈکی نگرانی بھی خودکریں گے۔
نواز شریف نے جاتی امرا میں 4 برس بعد پہلی بار باضابطہ طور پر پارٹی کے اہم اجلاس کی صدارت کی اور پارٹی کو دوبارہ مسندِ اقتدار تک پہنچانے کے لیے لائحہ عمل طے کیا۔
اجلاس میں شہباز شریف، مریم نواز، حمزہ شہباز، اسحاق ڈار، ملک احمد خان، انوشہ رحمان، سلیمان شہباز، پرویزرشید، مریم اورنگزیب، خواجہ آصف، سعد رفیق، میاں جاوید لطیف، رانا تنویر حسین، احسن اقبال، سردارایاز صادق، عابد شیرعلی، عطا تارڑ اور طلال چوہدری شریک ہوئے۔ اجلاس میں دیگر جماعتوں، بالخصوص پیپلزپارٹی کے ساتھ مسلم لیگ ن کے تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا جس کا مقصد جنوری میں ہونے والے ممکنہ انتخابات سے قبل انہیں راضی کرنا تھا۔
مسلم لیگ ن بدلتے وقت کے مطابق نیا منشور لانے کا بھی منصوبہ بنا رہی ہے۔ آئندہ انتخابات کے لیے ممکنہ امیدواروں سے 10 نومبر تک درخواستیں طلب کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نواز شریف چاروں صوبوں کے دورے کریں گے اور ٹکٹوں کی تقسیم کے لیے پارلیمانی بورڈکی نگرانی بھی خودکریں گے۔
ذرائع نے بتایاکہ اجلاس میں نواز شریف کی ’ری لانچنگ‘ پر بھی بات کی گئی۔ نوازشریف 10 نومبر سے ملک بھر میں دوروں کا آغاز کریں گے۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف نے اجلاس سے خطاب میں کہا ہے کہ اگر اللہ نے پھر سے اقتدار دیا تو انصاف کے اداروں کو مضبوط کریں گے۔
اجلاس میں متعدد دیگر فیصلوں کے علاوہ قائد مسلم لیگ ن نواز شریف نے عرفان صدیقی کو مسلم لیگ ن کی منشور کمیٹی کا سربراہ مقرر کرتے ہوئے کہا کہ یہ منشور عوامی مسائل اور دور جدید کے تقاضوں کے مطابق ہونا چاہیے اور اس میں انصاف کے نظام میں اہم اور بنیادی اصلاحات تجویز کی جانی چاہئیں کہ عام آدمی کو سستا، فوری اور بےلاگ انصاف مل سکے۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے بتایا کہ آج کے اجلاس میں الیکشن مہم کےبارےمیں مشاورت کی گئی ہے۔ کمیشن نے جنوری کے آخری ہفتے میں انتخابات کا اعلان کیا ہے۔ ن لیگ 10 نومبر تک پارٹی ٹکٹ کیلئے درخواستیں جمع کرے گی۔
انہوں نے بتایا کہ مسلم لیگ ن پاکستان کو درپیش مسائل کا جامع منشور پیش کرے گی۔ آئین کی روشنی میں انتخابات ملک کا تقاضہ ہے۔ عرفان صدیقی کی سربراہی میں منشور کمیٹی قائم کردی ہے۔ نظام انصاف میں اصلاحات ن لیگ کی ترجیح ہوگی۔