ٹانک میں کھلونا نما بم دھماکہ تین کمسن بھائی جاں بحق

ٹانک میں کھلونا نما بم دھماکہ تین کمسن بھائی جاں بحق
خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں کھلونا نما بم پھٹنے سے تین کم سن بچے جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق ٹانک کے علاقے شاہ عالم محسود کورونہ میں کھلونا نما بم پھٹنے سے تین کمسن بھائی جاں بحق ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق جاں بحق ہونے والے تینوں بچے ہیں جن کی عمریں چھ، سات اور بارہ سال کے لگ بھگ ہے۔جان بحق ہونے والے بھائیوں میں وحید، ناصر اور فرمان شامل ہے۔
پولیس کے مطابق تینوں بھائی اپنے گھر کے قریب پانی کے نالے میں نہا رہے تھے جہاں پانی میں کھلونا نما بم ملنے پر بچے اسےگھر کے قریب دکان کے سامنے لے آئے ۔ کھلونا نما بم سے کھیلنے کے دوران ایک بچہ بم سے کھیل رہا تھا کہ اس دوران بم پھٹ گیا جس سے تینوں بھائی موقع پر جان بحق ہوگئے جس کے بعد تینوں بچوں کی لاشیں ڈسٹرکٹ ہسپتال ٹانک منتقل کی گئی ۔ پولیس کے مطابق دھماکے کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ کی نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔
ہیڈکوارٹر ہسپتال ٹانک کے ایم ایس ڈاکٹر عباس شیرانی نے نیا دور میڈیا کو بتایا کہ یہ واقع 11 اور 12 بجے کے درمیان پیش آیا اور جیسے ہی اطلاع ملی تو ہسپتال کے سینئر ڈاکٹرز سمیت تمام عملے نے ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کی تاکہ بروقت طبعی امداد دی جاسکے۔ ڈاکٹر عباس شیرانی نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے جب تینوں بچوں کو ہسپتال پہچایا گیا تو تینوں جان بحق ہوچکے تھے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ایک بچے کی عمر 12 سال جبکہ دو بچے 8 سال سے کم ہے۔
ٹانک پولیس کے مطابق دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری سمیت بم ڈسپوزبل سکوارڈ کا عملہ موقع پر پہنچا اور جائے وقوع کو گھیرے میں لیکر تحقیقات کی ۔ انھوں نے مزید کہا کہ پولیس نے اس واقعے کی ایف آئی ار درج کرلی ہے۔

عبداللہ مومند اسلام آباد میں رہائش پذیر ایک تحقیقاتی صحافی ہیں۔