Get Alerts

ممبر قومی اسمبلی منیر خان اورکزئی کا انتقال کرونا کی وجہ سے ہوا یا موت کی وجہ کچھ اور؟

ممبر قومی اسمبلی منیر خان اورکزئی کا انتقال کرونا کی وجہ سے ہوا یا موت کی وجہ کچھ اور؟
سابقہ قبائلی علاقہ اجات  سے ممبر قومی اسمبلی منیر خان اورکزئی رات گئے انتقال کر گئے ہیں تاہم انکی موت کی وجہ کیا بنی یہ حقیقت اب معمہ بن گئی ہے۔ منیر خان کا 24 اپریل کو کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے بعد سے وہ قرنطینہ میں تھے۔ تاہم بتایا جا رہاہے کہ گزشتہ رات انہیں دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔ منیر خان اورکزئی کی نماز جنازہ آج تین بجے ضلع کرم میں ادا کی جائے گی۔

نیا دور کو خاندانی ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق منیر اورکزئی  دل کا دورہ پڑنے سے جان بحق ہوئے۔ تاہم  شواہد کے مطابق ان میں 24 اپریل کو کرونا وائرس مثبت آنے کے بعد وہ قرنطینہ میں تھے۔ 15 مئی کو انہوں نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کی تھی جس کے دوران ان کی طبیعت اچانک ناساز ہوگئی تھی اور ابتدائی طبی معائنے کے بعد انہیں ایمبولینس میں اسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔ انہیں کچھ عرصے تک حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور میں وینٹی لیٹر پر بھی رکھا گیا تھا۔

اب انکی ہلاکت کرونا وائرس سے جسم کو  پہنچنے والے نقصان سے ہوئی یا پھر دل کے دورے کی وجوہات کا کرونا وائرس سے کوئی تعلق نہیں، اب تک اس بارے میں اطلاعات نہیں ہیں۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سمیت دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے منیر خان اورکزئی کے انتقال پر گہرے رنج اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا کرے