حکومتِ پاکستان اور این سی او سی کون ہیں؟ الیکشن میں ایک منٹ کی تاخیر قبول نہیں کرینگے، وزیراعظم آزاد کشمیر

حکومتِ پاکستان اور این سی او سی کون ہیں؟ الیکشن میں ایک منٹ کی تاخیر قبول نہیں کرینگے، وزیراعظم آزاد کشمیر
وزیراعظم آزادجموں وکشمیر راجہ فاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ الیکشن میں ایک منٹ کی تاخیر قبول نہیں کرینگے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر نے گورنمنٹ آف پاکستان اور این سی او سی کا انتخابات ملتوی کرنے کا خط پڑھتے ہوئے سوال کیا کہ آپ کون ہیں؟ ان کا آزاد کشمیر کے آئین میں کہاں ذکر ہے؟

راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ یہاں آئین اور قانون کا کسی کو پتہ ہی نہیں۔ آزاد کشمیر کے آئین کی کتاب اٹھا کر انہوں نے کہا کہ یہ آزاد کشمیر کا آئین ہے اس میں پڑھ کر بتائیں کہ این سی او سی کون ہے؟ آپ نے آزاد کشمیر کو کیا سمجھا ہوا ہے؟ انہوں نے مزید کہا کہ یہ کہتے ہیں کہ ہم آپ کو حق خودارادیت لے کر دیں گے، جو لوگ ہمیں پانچ سال کے لئے حق حکمرانی نہیں دیتے ہمیں حق خودارادیت کیسے دلوائیں گے؟

https://twitter.com/SaqibAhmedRaja/status/1399694667919278080

وزیراعظم آزادجموں وکشمیر نے کہا کہ ریاست کی آزادی بچانے کیلئے بروقت انتخابات ضروری ہیں، دھاندلی کی کسی بھی کوشش کا منہ توڑ جوب دینگے،آزاد کشمیر کی اسمبلی با اختیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے دھاندلی کی سازش ہو رہی ہے ، الیکشن کشمیر بچانے کیلئے انتہائی اہم ہے،کشمیر رہا تو سب کچھ ہوتا رہے گا،پی ٹی آئی گنگا جمنا ہے ،نہانے والے خود کو پاک سمجھنا شروع کر دیتے ہیں ۔  انہوں نے کہا ہمارے ساتھ خدا اور عوام کی قوت ہے، کشمیری شہدا کے وارث ہیں کشمیر کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دینگے۔

انہوں نے کہا کہ تبدیلی سرکار کے آنے کے بعد تمام اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوااور عام آدمی کی مشکلات بڑھ گئیں، مہنگائی اور بیروزگاری نے غریب کی کمر توڑ دی،عارضی ملازمین کو مستقل کرنے کا فیصلہ صرف انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کیا، 50پچاس سال کے لوگوں کو کیسے بیروزگار کریں، خدا کی ذات رزق دینے والی ہے،رزق کے دروازے بند نہیں ہوتے، وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان نے دورہ سدھنوتی کے دوسرے روز بھی اربوں روپے مالیت کے مختلف منصوبہ جات کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا۔