’مولانا صاحب کے بیان نے میرا دل توڑ دیا‘

’مولانا صاحب کے بیان نے میرا دل توڑ دیا‘
معروف اداکارہ نیلم منیر نے مولانا فضل الرحمان کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو گرفتار کرنے کی دھمکی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کی اس دھمکی سے میرا دل ٹوٹ گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر آزادی مارچ سے متعلق تبصرہ کرتے ہوئے نیلم منیر نے لکھا کہ ہمارا ملک انتشار اور سول نافرمانی کا متحمل نہیں ہوسکتا، ہم نوجوان کو اپنی تقدیر سنبھالنے کی ضرورت ہے اور اس کا واحد راستہ یہی ہے کہ افرا تفری پھیلانے والوں کی بات نہ سنیں۔

نیلم منیر نے لکھا کہ ہم نوجوانوں کو ان اداروں کے خلاف اکٹھا ہونا پڑے گا جو ملک میں انتشار چاہتے ہیں اور ہمارے پیارے ملک کو توڑنا چاہتے ہیں، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ وہ کون ہیں ، ہمیں ان کے خلاف متحد ہونا پڑے گا۔

اداکارہ نے لکھا کہ میں تمام مذہبی اسکالرز کی دل کی گہرایوں سے عزت کرتی ہوں، روزانہ ان کی تقاریر اور لیچکرز سن کر اس سے رہنمائی حاصل کرتی ہوں مگر مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم عمران خان کو گھر سے گرفتار کرنے کی بات کرکے میرا دل توڑ دیا ہے۔

انسٹاگرام کی گئی پوسٹ میں نیلم منیر نے پاکستانی جھنڈے کے ساتھ اپنی تصویر اور قومی پرچم بھی شیئر کیا۔




واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمان نے آزادی مارچ کے دوران وزیراعظم کو مستعفی ہونے کے لیے 2 دن کی مہلت دیتے کہا تھا کہ یہ مجمع قدرت رکھتاہےکہ وزیراعظم کوگھرسےگرفتارکرلے،ادارے2دن میں بتادیں موجودہ حکومت کی پشت پرنہیں کھڑے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے مولانا فضل الرحمان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہنا تھا کہ ناموسِ رسالت ﷺ کے مقدس نام پر لوگوں کو ورغلانا سمجھ سے بالاتر ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ختم نبوت ﷺ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرسکتا، عمران خان عالمی سطح پر ناموسِ رسالت ﷺ کا دفاع کررہے ہیں، ہم اپنے جان و دل سے ناموس رسالت کا تحفظ کریں گے۔