انتخابات ضروری نہیں، اولین ترجیح معیشت کو مستحکم کرنا ہے: مولانا فضل الرحمان

سربراہ جے یو آئی ف نے کہا کہ خدشات کے باوجود ان کی جماعت انتخابات میں تاخیر کا مطالبہ نہیں کرے گی۔ الیکشن کمیشن جب بھی تاریخ کا اعلان کرے گی۔ جے یو آئی-ف انتخابات لڑنے کے لیے تیار ہے۔ ساڑھے تین سال الیکشن کے لئے ہی جدوجہد کی ہے۔

انتخابات ضروری نہیں، اولین ترجیح معیشت کو مستحکم کرنا ہے: مولانا فضل الرحمان

اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم) اور جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ ملک کو بحران سے نکالنے کے لیے معیشت کا استحکام ناگزیر ہے جبکہ انتخابات کا انعقاد ضروری نہیں ہے۔

ساہیوال میں میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ انتخابات اس وقت ضروری نہیں، معیشت کی بہتری اہم ہے۔اگر معیشت تباہ ہوجائے تو ملک اپنا وجود کھو بیٹھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم جانتی ہے کہ ملک کو مشکل میں کس نے ڈالا؟ معیشت کی تباہی کے ذمہ دار چیئرمین پی ٹی آئی ہیں۔ عمران خان نے ملک کو معاشی لحاظ سے دلدل میں گرایا ہے۔ نگران حکومت میں بھی سب لوگ یہی کوشش کررہے ہیں کہ صورتحال میں بہتری ہو۔

مولانا فضل الرحمان نے دعویٰ کیا کہ جب تک پی ٹی آئی کے آنے کی باتیں ہوں گی، دوست ملک مدد کو نہیں آئیں گے۔

نگران حکومت کا فلسفہ مسترد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کو کچھ نہیں سمجھتا۔نگران حکومت میں اصل حکومت کسی اور نگران کی ہوتی ہے۔

سربراہ جے یو آئی ف نے کہا کہ موسمی لحاظ سے الیکشن ہونے چاہئیں۔ انتخابات جنوری کے آخر میں ہونے کا جو کہا جا رہا ہے اس میں خیبرپختونخوا میں انتخابات ہونا مشکل ہوں گے کیونکہ اس وقت خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں موسم شدید سرد ہوتا ہے۔ الیکشن کا وقت درست نہیں ہے۔

ان کا مزید کہا کہ خدشات کے باوجود ان کی جماعت انتخابات میں تاخیر کا مطالبہ نہیں کرے گی۔ الیکشن کمیشن جب بھی تاریخ کا اعلان کرے گی۔ جے یو آئی-ف انتخابات لڑنے کے لیے تیار ہے۔ ساڑھے تین سال الیکشن کے لئے ہی جدوجہد کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی نے بھی میرے کہنے سے نااہل نہیں ہونا۔ عمران خان نے اپنے کاموں سے ثابت کیا ہے کہ وہ نااہل ہیں۔چیئرمین پی ٹی آئی کے مقدمات عدالتوں میں ہیں۔ جو بھی ملک میں اس وقت صورت حال ہے اس کی ذمہ دار تحریک انصاف اور اس کے چیئرمین خود ہیں۔

نگران حکومت سے متعلق مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں نگران حکومت والا فلسفہ ہی غلط ہے۔نگران حکومت کو کچھ نہیں سمجھتا۔نگران حکومت میں اصل حکومت کسی اور نگران کی ہوتی ہے۔

ملک میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات سے متعلق جے یو آئی کے سربراہ نے کہا موجودہ دہشت گردی سے دنیا میں پیغام جائے گا کہ پاکستان پرامن ملک نہیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد وطن واپسی کیلئے تیار ہیں۔ایسے میں سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ پوری قوم کو نواز شریف کا ویلکم کرنا چاہیے۔