Get Alerts

ڈالر کا بڑا ریورس گئیر، ایک دن میں ڈالر کی قیمت میں تقریباً 12 روپے کی کمی

ڈالر کا بڑا ریورس گئیر، ایک دن میں ڈالر کی قیمت میں تقریباً 12 روپے کی کمی
پاکستان کی جانب سے آئی ایم ایف قرض پروگرام کی اگلی قسط کے حصول کی آخری شرط پوری کرنے کے بعد ڈالر کی قیمت کم ہونا شروع ہوگئی ہے۔

انٹربینک میں امریکی ڈالر کو ریورس گئیر لگ گیا جس کے بعد ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں اضافہ ہو رہا ہے۔ بدھ کے روز کاروبار کے آغاز پرامریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں بہتری آئی ہے اور ڈالر کی قیمت میں مسلسل کمی ہو رہی ہے۔

انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں 11 روپے 38 پیسے کی کمی ہو گئی جس کے بعد ڈالر 227 روپے پر ٹریڈ کر رہا ہے جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں تیزی سے کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

اوپن مارکیٹ میں ڈالر 10 روپے سستا ہو کر 229 روپے کا ہو گیا۔ ڈالر کی قیمت میں کمی آئی ایم ایف کی جانب سے بورڈ میٹنگ کے اعلان کے بعد آنا شروع ہوئی گزشتہ روز پاکستان میں آئی ایم ایف کی نمائندہ ایستر پیریز روئز نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کی جانب سے 7 ویں اور8 ویں جائزے کی تکمیل کے لیے 31 جولائی کو پٹرولیم لیوی میں اضافہ کیا گیا ہے، مناسب مالیاتی یقین دہانیوں کی تصدیق ہونے کے بعد ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوگا ، آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ اجلاس اگست کے آٓخرمیں بلانے کا امکان ہے۔

13 جولائی 2022ء کو پاکستان اور آئی ایم ایف میں اسٹاف لیول معاہدہ طے پایا تھا جس کے بعد آئی ایم ایف کی جانب سے ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کی قسط جاری ہو نا تھی ، معاہدے کے تحت پروگرام کو مزید ایک ارب ڈالر کی وسعت دی جائے گی اس کے علاوہ آئی ایم ایف قرض پروگرام کو جولائی 2023 تک توسیع کرنے کا بھی اعلان کرے گا، جس کے لیے آئی ایم ایف نے منتخب نمائندوں کے اثاثہ جات پبلک کرنے کا مطالبہ کر رکھا ہے،اس کے علاوہ گریڈ 17 سے 22 کے سرکاری ملازمین کے اثاثہ جات بھی پبلک کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔