Get Alerts

ماں اپنے بیٹے کو بچانے کیلئے تیندوے سے لڑ پڑی

ماں اپنے بیٹے کو بچانے کیلئے تیندوے سے لڑ پڑی
ماں اپنے بچے کی حفاظت کے لیے دنیا کے کسی بھی خطرے سے لڑ سکتی ہے، ایسا ہی واقعہ بھارت میں پیش آیا جہاں ایک تیندوا بچے پر حملہ آور ہوا تو کی ماں اسے موت کے منہ سے گھسیٹ کر واپس لے آئی۔

مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے ٹویٹ کرکے اس خاتون کی ہمت کی تعریف کی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ مدھیہ پردیش کے شہر بھوپال سے 500 کلومیٹر دور سدھی ضلع میں سنجے ٹائیگر ریزرو کے بفر زون میں آنے والے گاؤں بادی جھریا میں پیش آیا۔ یہاں بیگا قبیلے کی ایک عورت کرن اپنے تین چھوٹے بچوں کے ساتھ سردی کی وجہ سے آگ کے پاس بیٹھی ہوئی تھی۔

https://twitter.com/ChouhanShivraj/status/1465643394579918849?ref_src=twsrc%5Etfw%7Ctwcamp%5Etweetembed%7Ctwterm%5E1465643394579918849%7Ctwgr%5E%7Ctwcon%5Es1_c10&ref_url=https%3A%2F%2Fpublicnews.com%2F54421%2F

تبھی اچانک وہاں ایک تیندوا آیا اور اس کے 8 سالہ بیٹے راہول کو جبڑے سے پکڑ کر بھاگ گیا۔ اس ناگہانی واقعہ سے پہلے خاتون کی سمجھ میں کچھ نہیں آیا لیکن اس کے بعد اس نے پہلے اپنے دونوں بچوں کو جھونپڑی میں بند کیا اور فوراً جنگل کی طرف بھاگی۔ خاتون نے تقریباً ایک کلومیٹر تک تیندوے کا پیچھا کیا۔

اس کے بعد خاتون نے دیکھا کہ تیندوا ایک جھاڑی میں چھپا ہوا ہے اور اس کا بچہ اس کے پنجوں میں پھنس گیا ہے لیکن کرن نے بھی ہمت نہیں ہاری اور وہ لاٹھی سے تیندوے کو ڈراتی رہی۔ اس دوران اس نے شور بھی مچایا۔ سنجے ٹائیگر ریزرو کے ایک اہلکار نے بتایا کہ شاید تیندوا خاتون کی ہمت سے ڈر گیا تھا اس لیے بچے کو چھوڑ دیا۔ اس کے بعد خاتون فوراً اپنے بچے کو گود میں لیے وہاں سے بھاگ گئی اور اسے بچا لیا۔

انڈین میڈیا کے مطابق تیندوے کے جبڑوں میں جکڑے جانے سے بچے کو شدید زخم آئے ہیں تاہم اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔