Get Alerts

سگیاں پل کی تعمیر کیلئے 1060 روپے فی مرلہ میں اراضی ایکوائر کرنے پر حکومت پنجاب کو نوٹس جاری

سگیاں پل کی تعمیر کیلئے 1060 روپے فی مرلہ میں اراضی ایکوائر کرنے پر حکومت پنجاب کو نوٹس جاری
لاہور ہائیکورٹ نے سگیاں پل کی تعمیر کے لئے 1060 روپے فی مرلہ میں اراضی ایکوائر کرنے کے حوالے درخواست پر پنجاب ہائی اتھارٹی اور حکومت پنجاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ہے۔

جسٹس عابد عزیز شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے اقبال حسین ملک سمیت دیگر کی اپیل پر سماعت کی۔ اپیل کندگان کی جانب سے راجہ عبدالرحمان ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ 2004ء میں سگیاں پل کی تعمیر کے لئے اپیل کندگان کی 129 کینال اراضی ایکوائر کی گئی۔ ایکوائر کی گئی اراضی کا معاوضہ ایک ہزار ساٹھ روپے فی مرلہ مقرر کیا گیا۔

وکیل کا کہنا تھا کہ ڈسٹرکٹ آفیسر ریونیو نے اعتراضات کا فیصلہ کئے بغیر ایوارڈ جاری کردیا گیا۔ ایوارڈ کے خلاف سینئر سول جج لاہور کے پاس ریفرنس دائر کیا جو خارج ہو گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ریفرنس خارج کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا ہے۔ ڈی سی ریٹ کے مطابق سگیاں پل کے علاقہ میں اس وقت 15 ہزار روپے ریٹ مقرر تھا۔ ضلعی حکومت کی اوسط بیعہ کے مطابق 29592 روپے قیمت مقرر کی گئی تھی۔

راجہ عبدالرحمان ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے استدعا کی کہ عدالت ڈی سی ریٹ اور اوسط بیعہ کے ریٹ کو شہادت میں پیش کرنے کی اجازت دی جائے۔

مزید استدعا کی گئی کہ عدالت سگیاں پل کے لئے ایکوائر کی گئی اراضی کا معاوضہ اس وقت کے ریٹ کے مطابق 65 ہزار روپے دلوائے۔