وائس آف امریکہ کے تازہ سروے میں پاکستان کے چاروں صوبوں سے 18 سے 34 سال کے نوجوانوں سے ٹیلی فون پر مختلف سوال پوچھے گئے۔ 74 فیصد نوجوان فوج پر اعتماد کرتے ہیں، عدلیہ پر 58 فیصد جبکہ الیکشن کمیشن پر 42 فیصد نوجوان اعتماد کرتے ہیں۔ سروے میں شامل 65 فیصد نوجوانوں کا خیال ہے کہ انتخابات شفاف ہوں گے اور کوئی بیرونی ادارہ ان پر اثرانداز نہیں ہو گا۔ نوجوانوں کی اکثریت مہنگائی کے معاملے پر ووٹ ڈالے گی۔ یہ کہنا ہے صحافی عائشہ تنظیم کا۔
نیا دور ٹی وی کے ٹاک شو 'خبرسےآگے' میں رپورٹر منیر باجوہ نے بتایا جسٹس شاہد جمیل خان کے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس امیر بھٹی کے ساتھ اختلافات پیدا ہو گئے تھے اور ایک مرتبہ دونوں میں خوب گرما گرمی بھی ہو گئی تھی۔ انہوں نے اچانک استعفیٰ نہیں دیا بلکہ ڈیڑھ دو ماہ سے وہ لوگوں سے مشورے کر رہے تھے۔ سپریم جوڈیشل کونسل میں ان کے خلاف انکوائری بھی چل رہی ہے مگر انہیں ابھی کوئی نوٹس نہیں موصول ہوا تھا۔
تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں
مبشر بخاری کے مطابق عمران خان کے عدت میں نکاح کو میں نان ایشو سمجھتا ہوں مگر جب ایک عوامی شخصیت کھلے عام ریاست مدینہ بنانے کی بات کرتی ہے، تسبیح ہاتھ میں پکڑتی ہے، اسلامی ٹچ کی بات کرتی ہے تو پھر اس کا ذاتی معاملہ بھی عوامی بحث کا حصہ بنتا ہے۔ اس کیس کے دوران عدالت میں جو ہوا وہ قابل شرم ہے۔
میزبان رضا رومی تھے۔ 'خبرسےآگے' ہر پیر سے ہفتے کی شب 9 بج کر 5 منٹ پر نیا دور ٹی وی سے پیش کیا جاتا ہے۔