پاکستان ہاکی فیڈریشن ( پی ایچ ایف) کے صدر خالد سجاد کھوکھر نے اپنے عہدے سے استعفی دیدیا۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر خالد سجاد کھوکھر نے گزشتہ روز اپنا استعفیٰ نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کو بھیجوایا تھا جسے منظور کر لیا گیا ہے۔
پی ایچ ایف کے سابق صدر خالد سجاد کھوکھر 8 سال 4 ماہ عہدے پر فائض رہے۔ ان کی جگہ ہاکی کے پیٹرن اِن چیف نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے طارق حسین بگٹی کی نامزدگی کا اعلان کیا تھا جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن آج جاری ہونے کا امکان ہے۔
نگران وزیر اعظم کی ہدایت پر 21 دسمبر کو طارق حسین بگٹی کا بطور ایڈہاک صدر پی ایچ ایف نوٹیفکیشن جاری ہوا تھا، جس پر خالد سجاد کھوکھر عدالت چلے گئے تھے۔ انکا موقف تھا کہ آئین کے تحت صدر کا عہدہ خالی ہونے پر ہی پیٹرن کو نئے صدر کی نامزدگی کا اختیار ہے۔
ابھی یہ کیس زیر سماعت ہے تاہم اب خالد سجادکھوکھر کے استعفی کے بعد آئینی طورپر اس عہدے پر نئی نامزدگی ہوسکتی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزرات بین الصوبائی رابطہ اور سپورٹس بورڈ کی طرف سے خالد سجاد کھوکھر کے استعفی کے ساتھ نئی سمری منظوری ہوچکی ہے۔
طارق حسین بگٹی کی نامزدگی کا نوٹیفکیشن جاری ہونےپر وہ 10 روز میں کانگریس سے اعتماد کا ووٹ لے کر آئینی طور پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بن جائیں گے۔
آئین کے مطابق پی ایچ ایف کے سیکریٹری اولمپئین رانا مجاہد کو کانگریس کا بلانے کا اختیار ہے۔ اگلے دس دنوں میں کانگریس کا خصوصی اجلاس بلایا جاسکتا ہے۔