معروف مذہبی سکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک اسلام آباد میں ہونے والی ایک تقریب کے دوران سٹیج چھوڑ کر چلے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ بچیاں نامحرم ہیں، اس لیے انہیں شیلڈ نہیں دے سکتا۔
اسلام آباد میں یتیم بچوں کی ایک غیر سرکاری تنظیم کی جانب سے ' پاکستان سویٹ ہوم' میں بچوں کیلئے ایوارڈ کی تقریب کا اہتمام کیا گیا جہاں ڈاکٹر ذاکر نائیک کو بطور مہمان خصوصی دعوت دی گئی۔ انتظامیہ کی جانب سے ڈاکٹر ذاکر نائیک کو سٹیج پر یتیم لڑکیوں کو شیلڈ پیش کرنے کا کہا گیا اور جیسے ہی سٹیج پر لڑکیاں آئیں تو ڈاکٹر ذاکر نائیک سٹیج چھوڑ کر چلے گئے۔
بتایا جا رہا ہے کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک نے لڑکیوں کو شیلڈ دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ لڑکیاں نامحرم ہیں اس لیے وہ انہیں شیلڈ پیش نہیں کریں گے۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک 30 ستمبر کو ایک ماہ کے دورے پر پاکستان آئے ہیں اور مختلف تقریبات میں بطور مہمان خصوصی شرکت کر رہے ہیں۔