اگست کے مہینے میں کرونا 300 سے زائد افراد کی جان لے گیا، 17000 سے زائد نئے کیسز سامنے آئے

اگست کے مہینے میں کرونا 300 سے زائد افراد کی جان لے گیا، 17000 سے زائد نئے کیسز سامنے آئے
پاکستان میں کرونا وائرس کا زور بلا شبہ ٹوٹا ہے تاہم حکومتی وزرا، وزیر اعظم اور خاص کر پاکستانی میڈیا اس وقت سب اچھے کی رپورٹ دے رہے ہیں اور تاثر قائم کیا جا رہا ہے کہ سب اچھا ہے اور سب کچھ ٹھیک ہو چکا ہے۔ اسی صورتحال کو بنیاد بنا کر حکومتی فیصلہ سازی اس سمت میں کی جا رہی ہے جس میں تمام تر معیشت کو کھولا جا چکا ہے اور باقی ماندہ کو کھولا جا رہا ہے جس کی وجہ سے انسانی میل جول کی شرح دوبارہ سے بڑھ رہی ہے اور کرونا سے متعلق احتیاطی تدابیر کو بھلا دیا گیا ہے۔

تاہم  اگر اعداد و شمار پر نظر ڈالیں تو معلوم ہوتا ہے کہ گزشتہ ماہ ملک میں کرونا وائرس 17 ہزار سے زائد افراد کو متاثر کر گیا ہے۔ اگست میں 17003 کرونا کے نئے کیسز سامنے آئے جو یومیہ اوسطاً 500 سے زائد کیسز بنتے ہیں۔ 

دوسری جانب اسی ماہ میں کرونا کی وجہ سے 324 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔ اسی کی اوسط 10 اموات فی یوم بنتی ہے۔

ان اعداد و شمار سے واضح ہے کہ کرونا بہر کیف کسی صورت بھی ختم نہیں ہوا اور ہمارے بیچ ہمارے ارد گرد افراد کو متاثر کر ر ہا ہے اور کسی بھی وقت یہ سر اٹھا سکتا ہے اس لئے تمام فیصلوں میں اور عوامی میل جول میں احتیاط لازم ہے۔