نیا کرونا وائرس مغرب پر حملہ آور ’اللہ کا چھوٹا سا سپاہی‘ قرار

نیا کرونا وائرس مغرب پر حملہ آور ’اللہ کا چھوٹا سا سپاہی‘ قرار
جہادی گروپوں نے اپنے پروپیگنڈے میں نئے کورونا وائرس کو مغرب پر حملہ آور ’اللہ کا چھوٹا سا سپاہی‘ قرار دیا ہے۔ 

جرمن خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق نئے کرونا وائرس سے ہر مذہب، نسل، رنگ، عمر اور خطے سے تعلق رکھنے والے افراد متاثر ہو رہے ہیں لیکن کچھ جہادی گروہ اس عالمی وبا کو اپنے آن لائن پروپیگنڈے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ کووڈ 19 نامی بیماری کی خطرناک عالمی وبا کی وجہ سے 60 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ دنیا کے تقریباً سبھی ممالک سے تعلق رکھنے والے 11 لاکھ سے زائد افراد بیمار بھی پڑ چکے ہیں۔

اس پریشان کن صورتحال میں جب نہ صرف مغربی ممالک بلکہ تمام مسلم ممالک کے ساتھ ساتھ سبھی براعظوں کے افراد گھروں میں قید ہو کر رہ گئے ہیں، وہاں انتہا پسند تنظیموں نے اپنا آن لائن پروپیگنڈا بھی تیز کر دیا ہے۔

ایسا پہلی مرتبہ نہیں ہوا بلکہ ماضی میں بھی دیکھا جا سکتا ہے کہ قدرتی آفات کو 'عذاب‘ قرار دیتے ہوئے معصوم اور سادہ لوگوں کو اپنی طرف راغب کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔

انٹرنیشنل کرائسز گروپ نے خبردار کیا ہے کہ کووڈ انیس کی وجہ سے جنگجو گروپوں کے خلاف جاری کارروائیاں تو متاثر ہوں گی ہی لیکن یہ امکان بھی ہے کہ اس دوران جہادی اور جنگجو گروہ اپنی پوزیشن مستحکم کر لیں گے۔