جنوبی وزیرستان: انٹرنیٹ بندش کی وجہ سے ہزاروں طالبعلم آن لائن کلاسز سے محروم، طالبعلموں کا انٹرنیٹ بحالی کے لئے مظاہرہ

جنوبی وزیرستان: انٹرنیٹ بندش کی وجہ سے ہزاروں طالبعلم آن لائن کلاسز سے محروم، طالبعلموں کا انٹرنیٹ بحالی کے لئے مظاہرہ
سابقہ فاٹا کے ضلع جنوبی وزیرستان کے ہیڈکوارٹر وانا میں ملک کے مختلف تعلیمی اداروں کے طالبعلموں نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور وفاقی اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ہزاروں طالبعلموں کے مستقبل کو بچانے کے لئے علاقے میں 3G اور 4G انٹرنیٹ سروس کو ایمرجنسی بنیادوں پر بحال کیا جائے۔

واضح رہے کہ سابقہ فاٹا میں کئی سال پہلے امن و امان کی مخدوش صورتحال کی پیش نظر موبائل انٹرنیٹ سروس بند کی گئی تھی جو تاحال بحال نہیں ہوسکی۔

مظاہرین نے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں کرونا وائرس کی وبا کی وجہ سے ملک کے تمام تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے ہیں، جس کے بعد کئی یونیورسٹیز نے آن لائن کلاسز شروع کی ہیں مگر قبائلی علاقہ جات میں انٹرنیٹ سروس بند ہونے کی وجہ سے ہزاروں طالبعلم آن لائن کلاسز سے محروم ہیں، جس سے طالبعلموں کا سال ضائع ہونے کا خطرہ ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ وزیرستان کی ایک پوری نسل دہشتگردی کے خلاف جنگ میں برباد ہوچکی ہے اور اب نوجوان نسل گھروں سے نکل کر ملک کے تعلیمی اداروں میں پڑھ رہی ہے تو حکومت دوبارہ اس نسل کو برباد کرنا چاہتی ہے۔

مظاہرین نے وزیراعظم عمران خان، وزیراعلی محمود خان اور ضلعی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ انٹرنیٹ سروس بحال کر کے ان کے مستقبل کو تباہ ہونے سے بچایا جائے۔