Get Alerts

عثمان بزدار نے 3، 3 کروڑ میں ٹرانسفر پوسٹنگز کیں، عمران خان آگاہ تھے: علیم خان پھٹ پڑے

عثمان بزدار نے 3، 3 کروڑ میں ٹرانسفر پوسٹنگز کیں، عمران خان آگاہ تھے: علیم خان پھٹ پڑے
تحریک انصاف کے ناراض رہنما علیم خان بالاخر اپنے ''قائد'' عمران خان کیخلاف پھٹ پڑے۔ انہوں نے بتایا کہ کس طرح سابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے دور میں کروڑوں روپے میں نوکریاں فروخت ہوئیں، ان تمام باتوں سے عمران خان آگاہ تھے۔

لاہور میں دھواں دار پریس کانفرنس کرتے ہوئے علیم خان کا کہنا تھا کہ اگر میں جھوٹا ہوں تو عوام میں جاکر خود کو گولی مار لوں گا، ورنہ عمران خان ہمت دکھائیں۔ عمران خان باز آ جائیں ورنہ جو لبادہ انہوں نے اوڑھا ہوا ہے، سب کھول کر سامنے رکھ دوں گا۔ میرے پاس آپ کا ایک ایک مسیج پڑا ہے۔ جتنا علیم خان آپ کے بارے میں جانتا ہے اور کوئی نہیں جانتا۔

علیم خان کا کہنا تھا کہ لوگ کہتے ہیں کہ میں نے تحریک انصاف کے ساتھ غداری کی لیکن جتنا ساتھ میں نے پی ٹی آئی اور عمران کا دیا، کسی اور نہیں دیا۔ میں نے کسی پر احسان نہیں کیا۔ کسی نے علیم خان سے آدھی بھی قربانی دی ہو تو عمران خان اس کا نام لے کر سامنے لائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے عمران خان کو بار بار عثمان بزدار کی کرپشن سے آگاہ کیا۔ بتایا کہ 3، 3 کروڑ دے کر لوگوں کو نوکریاں دی جا رہی ہیں۔ انہوں نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کیا آپ کو اس بات کا قطعی علم نہیں تھا کہ فرح بی بی کا کیا کردار تھا۔

انہوں نے کہا کہ خان صاحب اگر بزدار کو وزیراعلیٰ بننا تھا تو مجھ پر کیس کروانے کی کیا ضرورت تھی  اور نیب کے سامنے کیوں بھیجا؟ چوتھی بار نیب گیا تو ٹی وی کے ذریعے پتا چلا کہ عثمان بزدار کو وزیراعلیٰ بنا دیا گیا ہے۔

علیم خان نے عمران خان کو دھمکی دی کہ خان صاحب! بزدار کيخلاف آپ کو لکھے تمام ٹیلی فون پیغامات موجود ہيں۔ لیکن آپ نے بزدار کی محبت میں پارٹی کا شیرازہ بکھیر دیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان خدا کا خوف کریں اس ملک پر رحم کریں، یہ نہیں ہوسکتا کہ میچ ہارتا دیکھ کر وکٹیں اٹھا کربھاگ جائیں، آپ نے جہانگیر ترین کی بیٹیوں کیخلاف مقدمات بنادیے۔ جو آپ کے ساتھ ہے وہ محب وطن، جو آپ کیخلاف ہو وہ غدار ہیں۔

عليم خان کا کہنا تھا کہ جو آپ کے ساتھ ہے وہ محب وطن،جوآپ کیخلاف ہووہ غدار؟ عمران خان جتنا میں آپ کو جانتا ہوں کوئی نہیں جانتا، امریکی سفیر کو آپ کےسامنے ملاتھا۔

رکن اسمبلی کا کہنا تھا کہ 28جولائی کو نیب سے پہلا نوٹس موصول ہوا، 10دنوں میں 4بارنیب کے دفتر بلایاگیا، خان صاحب اگر آپ سچے ہیں تو آئیں میرے سامنے۔ پنجاب میں فرح کا کیا کردار تھا؟قوم کا کیوں نہیں بتاتے؟ آپ غداری کے تمغے دے رہے ہيں۔