جسٹس گلزار احمد کی بطور چیف جسٹس پاکستان تقرری کا نوٹیفکیشن جاری

جسٹس گلزار احمد کی بطور چیف جسٹس پاکستان تقرری کا نوٹیفکیشن جاری
حکومت نے جسٹس گلزار احمد کی بطور چیف جسٹس آف پاکستان تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ نوٹیفکیشن وزارت قانون کی جانب سے جاری کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جسٹس گلزار احمد کی بطور چیف جسٹس آف پاکستان تقرری کی منظوری دے دی ہے۔ جس کے بعد وزارت قانون نے جسٹس گلزار احمد کی بطور چیف جسٹس آف پاکستان تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

صدر پاکستان نے آئین کے آرٹیکل 175 اور 177 کے تحت دیے گئے اختیار کا استعمال کرتے ہوئے جسٹس گلزار احمد کے تقرر کی منظوری دی۔

موجودہ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی مدت ملازمت 20 دسمبر کو ختم ہو  رہی ہے، نو منتخب چیف جسٹس 21 دسمبر 2019 کو چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف لیں گے۔

جسٹس گلزار احمد کون ہیں؟

نئے نامزد چیف جسٹس آف پاکستان، جسٹس گلزار احمد 2 فروری 1957 کو کراچی میں پیدا ہوئے۔ جسٹس گلزار قانون کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد 1986 میں ہائیکورٹ اور 1988 میں سپریم کورٹ کے وکیل بنے۔ 27 اگست 2002 کو سندھ ہائیکورٹ کے جج کا حلف اٹھایا اور 16 نومبر 2011 کو سپریم کورٹ کے جج بن گئے۔

نامزد چیف جسٹس گلزار احمد بطور جج سپریم کورٹ اہم مقدمات کے فیصلوں میں شامل رہے اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف پانامہ مقدمہ میں نااہلی کا فیصلہ دینے والے بینچ میں بھی شامل تھے۔

نامزد چیف جسٹس گلزار احمد 2 سال 1 ماہ 12 دن چیف جسٹس آف پاکستان رہنے کے بعد یکم فروری 2022 کو عہدے سے ریٹائرڈ ہو جائیں گے۔